سپریم کورٹ، پی ٹی آئی نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کیخلاف درخواست دائر کردی
12 جولائی کے عدالتی فیصلے کے بعد مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کا حق،الیکشن کمیشن کو نشستیں دوسری سیاسی جماعتوں کو الاٹ کرنے سے روکا جائے: دائر درخواست میں استدعا
اسلام آباد (کھوج نیوز) پی ٹی آئی نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی، ایڈووکیٹ سلمان اکرم راجہ کے توسط سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے ایڈووکیٹ سلمان اکرم راجہ کے توسط سے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔آرٹیکل 3/184 کے تحت دائر درخواست میں وفاق اور الیکشن کمیشن کو فریق بناتے ہوئے استدعاء کی گئی ہے کہ الیکشن ترمیم ایکٹ کو غیر آئینی و غیر قانونی قرار دیا جائے، الیکشن کمیشن کو مخصوص نشستیں دوسری سیاسی جماعتوں کو الاٹ کرنے سے فوری روکا جائے اور خواتین و غیر مسلم کی مخصوص نشستیں تحریک انصاف کو الاٹ کرنے کا حکم دیا جائے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف مخصوص نشستوں کی فہرستیں الیکشن کمیشن میں جمع کرا چکی ہے، 12 جولائی کے عدالتی فیصلے کے بعد مخصوص نشستیں تحریک انصاف کا حق ہے۔