سپریم کورٹ: آئینی بینچ کےسامنے 34 مقدمات سماعت کے لیےمقرر،کون کون سے کیسز شامل کئے گئے؟
جسٹس امین الدین کی سربراہی میں آئینی بینچ 14 نومبر کو 18 کیسز کی سماعت کرےگا، جبکہ 15 نومبر کو 16 کیسز سنے جائیں گے
اسلام آباد(کھوج نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان میں آئینی بینچ کی تشکیل کے بعد مقدمات کی سماعت سے متعلق بھی کاز لسٹ جاری کردی گئی ہے، جس کے مطابق جسٹس امین الدین کی سربراہی میں آئینی بینچ 14 نومبر کو 18 کیسز کی سماعت کرےگا، جبکہ 15 نومبر کو 16 کیسز سنے جائیں گے۔
سپریم کورٹ سے جاری کی گئی کاز لسٹ کے مطابق آئینی بینچ سب سے پہلے ماحولیاتی آلودگی سے متعلق مقدمات سنے گا، جو 1993، 2003 اور 2018 سے زیرالتوا تھے۔کاز لسٹ کے مطابق سابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو برطرف کرنے اور سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی بطور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ تعیناتی کا کیس بھی شامل ہے۔
اس سے قبل سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی تعیناتی کے خلاف درخواست خارج کردی تھی۔سپریم کورٹ اعلامیے کے مطابق عام انتخابات 2024 کو ری شیڈول کرنے کا کیس بھی کاز لسٹ میں شامل کیا گیا ہے، درخواست میں انتخابات فروری سے مارچ کے پہلے ہفتے میں منتقل کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔
اس کے علاوہ بیرون ملک کاروبار کرنے اور اثاثے رکھنے والے ارکان اسمبلی کی نااہلی کے لیے دائر درخواست بھی سماعت کے لیے مقرر ہوگئی ہے۔سپریم کورٹ کے آئینی بینچ میں سرکاری افسران کی غیرملکیوں سے شادی پر پابندی کے لیے دائر درخواست سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے۔اس کے علاوہ پی ڈی ایم کے دور حکومت میں ہونے والی قانون سازی کالعدم قرار دینے کی درخواست بھی سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے۔