سکیورٹی فورسز کی کارروائی، خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام، 5دہشتگرد جہنم واصل، 3جوان شہید
خوارج سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، نائیک عنایت خان، لانس نائیک عمرحیات اور سپاہی وقار خان شہید ہوئے
خیبرپختونخوا (کھوج نیوز) ضلع باجود میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے پاک افغان بارڈر پر خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا جبکہ 3جوانوں نے شہادت نوش کی۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ ضلع باجوڑ میں 18 اور 19 اگست کی درمیانی شب پاک افغان بارڈرپرخوارج کے ایک گروپ کی نقل وحرکت دیکھی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان مستقل افغان حکومت سے کہتا رہا ہے سرحد کے اطراف مؤثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنائے لہٰذا امید ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھاکہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کی حفاظت کیلئے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ سکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے خوارج کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا اور فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگرد جہنم واصل اور 4 زخمی ہوئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خوارج سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، نائیک عنایت خان، لانس نائیک عمرحیات اور سپاہی وقار خان شہید ہوئے۔