سیاحت کو فروغ دینے کیلئے حکومت کا بڑا اعلان، 126ممالک کیلئے ویزا فری کر دیا
126 ممالک کیلئے ایک سادہ فارم متعارف 'پر کرنے میں 10 منٹ کا وقت 'جیسے ہی اس فارم کو پر کر کے کلک کیا جائے گا تو فوری طور پر ای ویزا جاری کر دیا جائے گا
لاہور(کھوج نیوز رپورٹ) سیاحت کم سے درمیانی آمدنی والے ممالک کی اقتصادی ترقی کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔ سیاحت کا کاروبار دیگر شعبوں کے ساتھ مل کر عالمی معیشت کی ترقی میں حصہ ڈالتا ہے۔ ترقی یافتہ ممالک آج بھی اپنا سیاحت سے منسلک بجٹ اور سہولیات مزید بڑھا رہے ہیں تاکہ اس سے مزید فوائد حاصل کیے جاسکے۔ سیاحت سے مختلف شعبے منسلک ہیں جس میں تفریح، خریداری، خوراک، اور نقل و حمل ہیں جس کے معاشی فوائد اس ملک کے عام شہری کی زندگی پر براہ راست اثرانداز ہوتے ہیں۔ پاکستان کا شمار دنیا کے اعلی سیاحتی مقامات میں ہوتا ہے جہاں مختلف ممالک سے سیاح ثقافتی، تاریخی اور مذہبی مقامات کو دیکھنے آتے ہیں لیکن وطن عزیز کا ویزہ لینا کسی بھی غیر ملکی کے لئے جوئے شیر لانے سے کم نہیں تھا۔ موجودہ حکومت میں اس حوالے سے پہلے دن سے ہی یہ سوچ واضع تھی کہ ملک میں ٹورازم کو بڑھانے بغیر معاشی ترقی کی رفتار کو نہیں بڑھایا جاسکتا ہے۔ اسی لئے حکومت پاکستان کی جانب سے نئی ای ویزا پالیسی کے اجراء کا اس یوم آزادی پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے 126 ممالک کے لئے ویزا فیس ختم کرنے کا اعلان کیا۔ اس حوالے سے ویزا پروسیس کو آسان بنا دیا گیا ہے، آج رات سے اس پر عمل درآمد شروع ہو رہا ہے۔ 126 ممالک کے باشندوں کے لئے ایک سادہ فارم متعارف کرایا گیا ہے جسے پر کرنے میں 10 منٹ کا وقت لگے گا، جیسے ہی اس فارم کو پر کر کے کلک کیا جائے گا تو فوری طور پر ای ویزا جاری کر دیا جائے گا جو 90 دن کے لئے کارآمد ہوگا جس کی 90 دن کے بعد تجدید ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس فارم میں 30 سوالات فراہم کئے گئے ہیں جن کا جواب دینے پر ویزا جاری کر دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ان 126 ممالک کے لئے ویزا فیس لاگو نہیں ہوگی، لوگوں کو ویزا کے حصول کے لئے سفارت خانوں اور ہائی کمیشنز میں نہیں جانا پڑے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان خوبصورت ملک ہے، یہاں بہت پوٹینشل ہے، ہم چاہتے ہیں کہ بیرونی دنیا سے لوگ یہاں آئیں اور ہمارے ملک کی خوبصورتی دیکھیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں خوبصورت پہاڑ اور خوبصورت وادیاں ہیں، یہاں صحرا اور سمندر ہیں، اللہ تعالی نے ہمیں ہر نعمت سے نوازا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے لئے پاکستان میں سیاحت کو آسان بنانا چاہئے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ خلیجی ممالک کو آن آرائیول ویزا فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سکھ یاتریوں کو بھی ویزا میں سہولت دی گئی ہے، سیاحت اور کاروبار کے لئے پاکستان کے دروازے دنیا کے لئے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ای ویزا پالیسی آج رات 12 بجے سے نافذ ہوگی۔