پاکستان

سید علی شاہ گیلانی کی برسی،صدرمملکت اور وزیراعظم کا خراج عقیدت

سید علی شاہ گیلانی کی تیسری برسی کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغامات جاری کیے ہیں

اسلام آباد(کھوج نیوز) سید علی شاہ گیلانی کی تیسری برسی کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغامات جاری کیے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے حقوق کے لیے عظیم کشمیری رہنما سید علی شاہ گیلانی کی جرات مندانہ جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، سید علی گیلانی دہائیوں تک امید اور مزاحمت کا چراغ بنے رہے، انہوں نے بیشمار کشمیریوں کو خودارادیت کی جدو جہد میں ثابت قدم رہنے کا حوصلہ دیا۔آصف علی زرداری نے کہا کہ قید و بند سمیت ان کی ذاتی مشکلات ان کے عزم کو کمزور نہ کر سکیں اور نہ ہی وہ اپنے مشن سے پیچھے ہٹے۔ گیلانی صاحب نے ہمیشہ اپنی توجہ حتمی مقصد پر مرکوز رکھی اور کبھی بھی کشمیری عوام کو حق خودارادیت کی جدوجہد سے ہٹنے نہیں دیا، سید علی شاہ گیلانی کا ورثہ ایک طاقتور محرک ہے جو آج بھی کشمیری عوام کو تحریک دیتا ہے۔صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں کی جائز جدوجہد کے لیے اپنی اخلاقی، سفارتی، اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ سید علی گیلانی کشمیر کی آزادی کی تحریک کا معتبر نام کے طور پر ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے، وہ کشمیری تحریک کے ایک عظیم رہنما تھے جن کا جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت پر پختہ یقین تھا۔ انہوں نے پوری زندگی اس مقصد کے لیے وقف کر دی۔وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر کے عوام کی آزادی اور انکی خودارادیت کی جدوجہد کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، قید و بند کی تکالیف اور صعوبتیں انکے عزم کو کمزور نہ کر سکیں، ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک اس جدوجہد کو جاری رکھا جائے گا، پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button