سیم پیج ایک بار پھر ٹکڑے ٹکڑے، نواز شریف اور عمران خان کھڈے لائن؟
قائد ن لیگ میاں نوازشریف اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو آئندہ انتخابات سے دور رکھنے کی خبروں نے ملک بھر میں کھلبلی مچا کر رکھ دی

لاہور(کھوج نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف اور عمران خان کو عام انتخابات کی دوڑ سے باہر رکھنے کا انکشاف سامنے آیا ہے جس کے بعد مسلم لیگ ن کے حلقوں اور زمان پارک میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق نوازشریف کے ستمبر میں وطن واپس آنے کی اطلاعات ہیں ان کے خلاف زیر سماعت مقدمات کی وجہ سے نومبر میں ہونے والے الیکشن میں ان کا بطور امیدوار کھڑے ہونا مشکل ہوگا جب تک ان کی نا اہلی اور سزائیں ختم نہیں ہوں گی وہ انتخابات میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ کہا جا رہا ہے کہ عام انتخابات کے انعقاد اور تمام کیسز ختم ہونے کے بعد میاں نوازشریف ضمنی انتخابات میں حصہ لیکر پارلیمنٹ میں چلے جائیں گے اور یہ بھی ممکن ہے کہ وہ عدم اعتماد کا ووٹ حاصل کر کے چوتھی مرتبہ وزیراعظم پاکستان بن جائیں۔
واضح رہے کہ اکثریت حاصل کرنے کی صورت میں مسلم لیگ ن کی طرف سے میاں شہباز شریف وزیراعظم کے امیدوار ہوں گے جبکہ دوسری جانب عمران خان کے سر پر نا اہلی کی تلوار لٹک رہی ہے قوی امکان ہے کہ وہ نومبر کے عام انتخابات میں حصہ لینے سے قاصر ہوں گے۔