شاہد خاقان عباسی اور عمران خان کے درمیان رابطوں کا انکشاف، پی ٹی آئی میں شمولیت کا امکان
حکومت انکاری ہے کہ 26 نومبر کو کوئی گولی نہیں چلی، احتجاج کے دوران گولی چلنا حکومت کی سب سے بڑی ناکامی ہے، مظاہرین کے عمل سے متفق نہیں مگر انہوں نے حملہ نہیں کیا
اسلام آباد(کھوج نیوز) شاہد خاقان عباسی اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کے درمیان رابطوں کا انکشاف، سابق وزیراعظم کا پی ٹی آئی میں شمولیت کا عندیہ، حکومت کیلئے بڑا چیلنج سامنے آگیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ملک کا موجودہ نظام بہتر مستقبل دینے سے قاصر ہے، ملک میں معاملات کو سلجھانے کی ضرورت ہے، حکومت معاملات کو سلجھانے میں سنجیدہ نظر نہیں آ رہی، اپوزیشن کا رویہ بھی معاملات کو الجھانے والا ہے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ڈی چوک واقعے پر کہہ رہی ہے کچھ نہیں ہوا، ڈی چوک واقعے کی ذمہ دار حکومت ہے، ان کا کہنا تھا کہ کوئی ایسی ویڈیو دکھا دیں جس میں مظاہرین کا حملہ نظر آ رہا ہو، حکومت ڈی چوک کا معاملہ سنبھالنے میں ناکام ہو گئی تھی۔ حکومت آج بھی انکاری ہے کہ 26 نومبر کو کوئی گولی نہیں چلی، شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ احتجاج کے دوران گولی چلنا حکومت کی سب سے بڑی ناکامی ہے، مظاہرین کے عمل سے متفق نہیں مگر انہوں نے حملہ نہیں کیا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم آئین سے متصادم ہے، اصلاحات کے بغیر کوئی ملک نہیں چل سکتا، لوگ ملک سے باہر جا رہے ہیں، حکومت کو کوئی پرواہ نہیں، بندوق سے معیشت ٹھیک نہیں ہوگی۔