شہباز شریف کے احکامات اڑن چھو ‘ وزارتوں اور ڈویژنز کی ای آفس پر منتقلی کا معاملہ لٹک گیا
عمل درآمد کے لیے 2 ہفتوں کی مہلت 'تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو مینوئل فائلنگ سسٹم سے ای آفس (ای فائلنگ) پر فوری منتقل کرنے کی ہدایت کر دی
اسلام آباد(کھوج نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کے احکامات اڑن چھو، وزارتوں اور ڈویژنز کی ای آفس پر منتقلی کا معاملہ لٹک گیا ہے جس پر وزیراعظم نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نوٹس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم آفس نے احکامات پر عمل درآمد کے لیے تمام وفاقی وزارتوں اور ڈویژنزکو خط لکھا ہے جس میں وزارتوں، ڈویژنز کو 2 ہفتوں میں تمام محکموں میں ای آفس کا نفاذ یقینی بنانے کے احکامات دیئے گئے ہیں جب کہ وزیراعظم ای آفس پر منتقلی کے احکامات پرعمل درآمد کا ذاتی طور پرجائزہ لیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایات پر عمل درآمد کے لیے 2 ہفتوں کی مہلت دیتے ہوئے تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو مینوئل فائلنگ سسٹم سے ای آفس (ای فائلنگ) پر فوری منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق ای آفس پرجزوی منتقل وزارتوں اور ڈویژنز کوبھی100 فیصد تک منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے کیونکہ متعدد وزارتیں اور ڈویژنز ابھی بھی مینول فائلنگ سسٹم کا استعمال کر رہی ہیں۔