شہباز شریف کے ہاتھوں قذافی سٹیڈیم کو اپ گریڈ کرنے کے منصوبے کا افتتاح
کراچی ' لاہور اور راولپنڈی کے اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن پر 12.8ارب خرچ ہونگے
لاہور(کھوج نیوز )پاکستان کرکٹ بورڈکے چیئرمین محسن نقوی نے پیر کے روز وزیر اعظم شہباز شریف کو قذافی اسٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی دعوت دی جہاں لاہور میں قذافی سٹیڈیم کو اپ گریڈ کرنے کے منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب منعقد کی گئی۔
یہ اپ گریڈیشن چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے پی سی بی کی تیاریوں کا حصہ ہے، جس کی میزبانی پاکستان کر رہا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قذافی سٹیڈیم کے علاوہ کراچی، راولپنڈی کے تین اسٹیڈیمز کو میچز کی میزبانی کے لیے اپ گریڈ کیا جائے گا۔ قذافی اسٹیڈیم کے اپ گریڈیشن کے منصوبوں میں ان دنوں سٹیڈیم میں کام ڈبل شفٹ میں جاری ہے منصوبے کے مطابق مین بلڈنگ کو گراونڈ کے قریب بنایا جائے گا جبکہ مین بلڈنگ کے فرنٹ پر ہوسپیٹیلیٹی باکسز بنائے جائیں گے اور عقب پر پی سی بی کے دفاتر ہوں گے۔
پی سی بی نے ان تینوں اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کے لیے 12.8ارب روپے مختص کیے ہیں۔ ابتدائی طور پر میڈیا اور کھیلوں کے حلقوں میں یہ تاثر عام تھا کہ ان سٹیڈیمز کی تعمیر کا منصوبہ کھیل کی بین الاقوامی گورننگ باڈی کے تقاضوں کے مطابق کیا گیاتاہم بعد ازاں پی سی بی نے واضح کیا کہ آئی سی سی کے وفد نے تینوں اسٹیڈیمز کا دورہ کیا اور لاہور کے قذافی اسٹیڈیم، کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم اور راولپنڈی کے پنڈی اسٹیڈیم کو آٹھ ملکی ٹورنامنٹ کے میچوں کی میزبانی کے لیے فٹ قرار دیا تھا۔