صدر آصف علی زرداری کا یوم شہدائے پولیس پر شہداء کو خراج عقیدت پیش
پولیس نے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، پوری قوم کو اپنے بہادر شہداء پر فخر ہے: صدر مملکت آصف زرداری
اسلام آباد(کھوج نیوز) صدر آصف علی زرداری نے یوم شہدائے پولیس پر شہدا کوخراج عقیدت پیش کیا’ قوم کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالے پولیس اہلکاروں کی بے مثال جرأت اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے یوم شہدائے پولیس پر اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس کے شہداء نے گراں قدر خدمات انجام دی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پولیس نے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، پوری قوم کو اپنے بہادر شہداء پر فخر ہے اور دہشت گردی کے خلاف کامیابی میں پولیس فورس کا نمایاں کردار ہے۔ صدر زرداری نے مزید کہا کہ پولیس کے جوان ملک کے مختلف حصوں میں سماج دشمن عناصر اور دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، پوری قوم کی جانب سے پولیس شہداء کو خدمات اور قربانیوں پر سلام پیش کرتا ہوں۔