عام انتخابات ، ایم کیو ایم نے مسلم لیگ ن کو لال جھنڈی دکھا دی
حلقہ بندیوں میں لسانی تفریق کی گئیں ہیں، الیکشن سے پہلے ٹھیک کیا جائے، پرانی مردم شماری پر انتخابات قبول نہیں کریں گے: خالد مقبول صدیقی
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) عام انتخابات 2023ء سے قبل ہی ایم کیو ایم پاکستان نے مسلم لیگ ن کو لال جھنڈی دکھاتے ہوئے وفاقی حکومت سے حیران کن مطالبات کر دیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھاکہ حلقہ بندیوں میں لسانی تفریق کی گئیں ہیں، الیکشن سے پہلے ٹھیک کیا جائے، پرانی مردم شماری پر انتخابات ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان پرانی مردم شماری پر انتخابات قبول نہیں کرے گی، شفاف الیکشن کے لیے نگران حکومت سمیت کوئی بھی فیصلہ ہو اور ایم کیو ایم کی رائے اس میں شامل نہ کی گئی تو یہ ہمارے حق پر ڈاکہ مارنے کے مترادف ہوگا۔ ان کا کہنا تھاکہ چند دن تاخیر ہوتی ہے تو ہوجائے پر الیکشن شفاف ہو، نئی مردم شماری، نئی حلقہ بندیوں اور نئی ووٹر لسٹوں پر ہو۔ کنوینر ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اور خاص طور پر مسلم لیگ ن کی ذمہ داری ہے عام انتخابات کے حوالے سے اہم فیصلوں پر ایم کیو ایم کو اعتماد میں لیا جائے، ایم کیو ایم پاکستان نے 2018 کے بعد موجودہ اور سابقہ حکومتوں سے جو وعدے کیے وہ پورے کیے تاہم ایم کیو ایم پاکستان اب بھی موجودہ حکومت سے معاہدے کی صورت میں کیے گئے مطالبے پورے ہونے کی منتظر ہے۔