عام انتخابات میں کتنے فیصد نوجوانوں نے ووٹ کاسٹ کیا؟ پلڈاٹ کی رپورٹ سامنے آگئی
2024ء کے انتخابات میں نوجوانوں کا ووٹر ٹرن آؤٹ 2018ء کے مقابلے میں 11 فیصد زیادہ تھا اور نوجوان ووٹرز کا ٹرن آؤٹ مجموعی ووٹر ٹرن آؤٹ سے بھی زیادہ رہا
اسلام آباد(کھوج نیوز) پاکستان انسٹیٹیوٹ آف لیجسلیٹو ڈیولیپمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی (پلڈاٹ) نے عام انتخابات 2024ء میں نوجوانوں کی شمولیت کے بارے میں رپورٹ سامنے آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پلڈاٹ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2024ء کے انتخابات میں نوجوانوں کا ووٹر ٹرن آؤٹ 2018ء کے انتخابات کے مقابلے میں 11 فیصد زیادہ تھا اور نوجوان ووٹرز کا ٹرن آؤٹ مجموعی ووٹر ٹرن آؤٹ سے بھی زیادہ رہا۔ پلڈاٹ کی رپورٹ کے مطابق نوجوان ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 48 فیصد رہا جوکہ ملکی تاریخ میں نوجوانوں کا سب سے زیادہ ٹرن آؤٹ ہے۔
پلڈاٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 48 فیصد نوجوانوں کے مطابق ملک کا سب سے بڑا چیلنج مہنگائی ہے، 45 فیصد نوجوانوں کے مطابق سب سے بڑا مسئلہ بیروزگاری جبکہ 31 فیصد کے مطابق ملک کا سب سے بڑا چیلنج مذہبی انتہا پسندی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایم کیوایم نے 2018 میں17 فیصد اور 2024 میں 19 فیصد ٹکٹ نوجوانوں کو دیے، مسلم لیگ (ن) نے 2018 میں13 فیصد اور 2024 میں 11 فیصد ٹکٹ نوجوانوں کودیے، اس کے علاوہ ٹی ایل پی نے2018 میں 36 فیصد اور 2024 میں 28 فیصد ٹکٹ نوجوانوں کو دیے۔ پلڈاٹ کے مطابق مجموعی ووٹر ٹرن آؤٹ گزشتہ الیکشن کے مقابلے میں کم تھا لیکن نوجوانوں کے ٹرن آٹ میں اضافہ ہوا، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن میں 18 سے 35 سال کے رجسٹرڈ ووٹرز 44.2 فیصد تھے۔ پلڈاٹ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ پیپلزپارٹی نے2018 میں 18 فیصد اور 2024 میں 11 فیصد ٹکٹ نوجوانوں کودیے، جبکہ پی ٹی آئی نے 2018 میں 17 فیصد ٹکٹ نوجوانوں کو دیے تھے۔