علی امین گنڈا پور نے ایک بار پھر مریم نواز کو نشانے پر رکھ لیا، بڑا الزام عائد کر دیا
پی ٹی آئی کی خواتین جیل میں ہیں، کیا وہ عورت نہیں؟ کیا پورے پاکستان میں ایک عورت مریم نواز ہی رہ گئی ہیں؟وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور
پشاور (کھوج نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے ایک بار پھر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو نشانے پر رکھ لیا ہے اور ایسا بڑا الزام عائد کر دیا ہے کہ سب کے سب حیران رہ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے مریم نواز پر عورت کارڈ استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کے پی میں جلسے کیوں کروں؟ نواز شریف جب سزا کے بعد بیرون ملک تھے تو مریم نواز پنجاب میں جلسے کررہی تھیں، ہم نے انہیں نہیں روکا تھا۔ وزیراعلی کے پی کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کو دوبارہ وارننگ دیتے ہیں کہ انہیں روکا گیا تو جواب دیں گے، ایک صوبے کے منتخب وزیراعلی کے راستے روکنے کے لیے کنٹینرز لگائے جارہے ہیں، وہ کس کے وسائل ہیں؟ وہ وزیراعلی ہیں اپنے وسائل ڈنکے کی چوٹ پر استعمال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی خواتین جیل میں ہیں، کیا وہ عورت نہیں؟ کیا پورے پاکستان میں ایک عورت مریم نواز ہی رہ گئی ہیں؟