عمران خان سے مذاکرات، حکومت کو اسٹیبلشمنٹ کا گرین سگنل، سردار ایاز صادق کو ٹاسک مل گیا
اسٹیبلشمنٹ خلوص کیساتھ پاکستان کا بھلا چاہتی ہے 'اگر ملک کی سیاسی قیادت قومی مفاد کے معاملات پر مل بیٹھیں تو اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں ہے: ثناء اللہ
اسلام آباد (کھوج نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے مذاکرات کا معاملہ، اسٹیبلشمنٹ نے حکومت کو گرین سگنل دیدیا ہے جس کے بعد سردار ایاز صادق کو اس کا ٹاسک مل گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ شہباز شریف حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کو مذاکرات کی پیشکش پر ملٹری اسٹیبلشمنٹ کو کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ موجودہ ملٹری اسٹیبلشمنٹ خلوص کے ساتھ پاکستان کا بھلا چاہتی ہے اور اگر ملک کی سیاسی قیادت اتفاق رائے کیلئے قومی مفاد کے معاملات پر مل بیٹھیں تو ان (اسٹیبلشمنٹ) کی طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کابینہ کے مختلف ارکان اور نون لیگ کے رہنماوں کے علاوہ خود وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش کی لیکن کوئی مثبت جواب نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ان کے درمیان تمام ایشوز پر بات چیت کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے سیاسی قیادت کو مل بیٹھنے، بات چیت اور اپنے اختلافات دور کرنے اور قومی مفاد کے معاملات پر سیاسی اتفاق رائے کی اشد ضرورت ہے۔