عمران خان کی بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ خان کےخلاف دہشت گردی،اقدام قتل، سرکاری املاک کونقصان پہنچانےپر مقدمات درج
ایف آئی آر کے مطابق 4 اکتوبر کو پولیس چائنا چوک، بلیو ایریا و دیگر مقامات پر تعینات تھی، تحریک انصاف کے کارکن اسلحہ، ڈنڈوں سے لیس گاڑیوں پر پہنچے، علیمہ خان، عظمیٰ خان لاؤڈ اسپیکر پر مظاہرین کو اشتعال دلا رہے تھے
اسلام آباد(کھوج نیوز) بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ خان کے خلاف تھانا کوہسار میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمے میں دہشت گردی، کار سرکار میں مداخلت، اقدام قتل، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات شامل ہیں، علیمہ خان، عظمیٰ خان و دیگر پر 16 مختلف نوعیت کی دفعات لگائی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق 4 اکتوبر کو پولیس چائنا چوک، بلیو ایریا و دیگر مقامات پر تعینات تھی، تحریک انصاف کے کارکن اسلحہ، ڈنڈوں سے لیس گاڑیوں پر پہنچے، علیمہ خان، عظمیٰ خان لاؤڈ اسپیکر پر مظاہرین کو اشتعال دلا رہے تھے۔ واضح رہے کہ 4 اکتوبر کو اسلام آباد میں احتجاج کے دوران ڈی چوک سے پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان سمیت بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو بھی گرفتار کیا تھا ۔
علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو حراست میں لے کر تھانا ویمن منتقل کر دیا گیا تھا جبکہ گرفتار پی ٹی آئی کارکنان کو تھانہ کوہسار منتقل کیا گیا تھا۔ گرفتاری کے موقع پر صحافی نے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان سے سوال کیا تھا کہ کیا کہیں گی آپ؟ جس کے جواب میں علیمہ خان نے کہا کہ گرفتار کرنا ہے تو کر لیں۔