اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان کی اڈیالہ منتقلی کے لیے اور انہیں جیل میں اے کلاس فراہم کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں استدعا کی گئی ہے کہ عمران خان کو اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے اور انہیں جیل میں میں اے کلاس فراہم کی جائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی قانونی ٹیم کے ممبران کو جیل میں ملاقات کی اجازت دی جائے۔ ذاتی معالج ،خاندان کے افراد اور پارٹی کے سینیئر قائدین سے بھی ملاقات کی اجازت دی جائے۔‘ تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے دعویٰ کیا تھا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کو جیل میں سی کلاس میں رکھا گیا ہے اور ان کی جان کو خطرات لاحق ہیں۔
اتوار کو رات گئے اپنے ویڈیو پیغام میں شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ ’ہمارے علم میں آیا ہے کہ ملک کے سابق وزیر اعظم عمران خان کو نو بائی گیارہ کے سیل میں سی کلاس میں رکھا گیا ہے۔عمران خان کو کھانا بھجوایا جاتا ہے ان تک نہیں پہنچایا جاتا۔ وکلا کو ملنے سے روک دیا دیا جاتا ہے۔ ہماری تشویش بجا ہے۔ ان کی جان کو خطرہ لاحق ہیں۔ اعلی عدلیہ کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔‘
ان کے بقول ’میں اٹک جیل میں رہ چکا ہوں وہاں سہولتیں نہ ہونے کے برابر ہیں وہاں بی کلاس تک میسر نہیں۔ سنیچر اور اتوار کو وکلا نے ملنے کی کوشش کی مگر رسائی نہیں دی جا رہی ہمیں پیر کو عمران خان کی اپیل فائل کرنا ہے ان کی رہائی کے لیے قانونی چارہ جوئی کرنی ہے لیکن ہمیں رسائی نہیں دی جا رہی۔