پاکستان

عمران خان کی مشروط معافی مانگنے کے اعلان پر جاوید لطیف آپے سے باہر ہو گئے

2014 ء میں شروع ہونیوالا جلاؤ گھیراؤ 9 مئی کو آ کر تھما، مشروط معافی مانگنے والے کیا معیشت کو اس دہانے پر لانے پر معافی مانگیں گے؟جاوید لطیف

لاہور (کھوج نیوز ) مسلم لیگ (ن) کے رہنماء جاوید لطیف نے کہا کہ ملکی معیشت اور معاشرت تباہ کرنیوالے آج پھر دہشت گردی کی منصوبہ بندی کررہے ہیں، 2014ء میں شروع ہونے والا جلاؤ گھیراؤ 9 مئی کو آ کر تھما،سب جانتے ہیں ذوالفقار بھٹو کی پھانسی کا فیصلہ دینے والوں نے حکم کس کی مرضی سے دیا تھا، مشروط معافی مانگنے والے کیا معیشت کو اس دہانے پر لانے پر معافی مانگیں گے؟۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنماء جاوید لطیف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ اگر رینجرز اور فوج گرفتار کرے گی تو لوگ جواب بھی اسی کو دیں گے،نواز شریف اور دیگر کو تو کتنی دفعہ رینجرز نے گرفتار کیا، مجھے بھی کئی دفعہ رینجرز نے گرفتار کیا،عمران خان نے اپنے دور میں بھی ہمیں گرفتار کیا لیکن کیا کبھی ہم نے حملہ کرنے کی بات کی؟۔انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کا فیصلہ دینے والوں نے یہ حکم کس کی مرضی سے دیا تھا، سب جانتے ہیں 2017ء میں نواز شریف کو کس کے کہنے پر نا اہل کروایا گیا لیکن کیا کسی نے حملے کی منصوبہ بندی کی؟۔انہوں نے کہا کہ 2014ء میں شروع ہونے والا جلاؤ گھیراؤ ا سلسلہ 9 مئی کو آ کر تھما، یہ الگ بات ہے کہ اس کی سرپرستی کرنیوالے کوئی اور تھے اور یہ بھی الگ بات ہے کہ 9 مئی کس کی سہولت کاری سے ہوا۔

انہوں نے کہا کہ یہ کہہ رہے کہ ویڈیو دکھائیں معافی مانگ لوں گا تو بتائیں آپ پی ٹی وی، وزیر اعظم ہاؤس، پارلیمان میں حملہ کروانے پر معافی مانگیں گے یا آئی ایم ایف کے خط پر معافی مانگیں گے،9 مئی کو جو کچھ کیا اس پر معافی مانگیں گے یا پیٹرول بم استعمال کرنے پر معافی مانگیں گے؟۔ انہوں نے کہا کہ کیا یہ 6 ہزار دہشتگردوں کو چھوڑنے پر معافی مانگیں گے؟ کیا ان کی معافی سے مجھے روزگار، دو وقت کی روٹی مل جائے گی؟ کیا یہ معیشت کو اس دہانے پر لانے پر معافی مانگیں گے؟۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ملکی معیشت اور معاشرت تباہ کی، موصوف غیرملکی طاقتوں کو مداخلت کی دعوت دے رہے ہیں،آج اس سوچ کو پروان چڑھایا جارہا ہے کہ 9 مئی ہوا ہے یا نہیں، آج ایک بار پھر سے دہشت گردی کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button