پاکستان

عمرایوب ایک بارپھرعہدہ سےمستعفی،بانی پی ٹی آئی کو خط بھی لک دیا

انہوں نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے نام عہدے سے مستعفی ہونے کا خط لکھا اور کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی پارٹی کا سیکریٹری جنرل بنانے کے لیے میں آپ کا بے حد مشکور ہوں

اسلام آباد(کھوج نیوز) سیکریٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمر ایوب ایک بار پھر عہدے سے مستعفی ہوگئے، انہوں نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے نام عہدے سے مستعفی ہونے کا خط لکھا اور کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی پارٹی کا سیکریٹری جنرل بنانے کے لیے میں آپ کا بے حد مشکور ہوں، اس سے قبل میں عہدے سے مستعفی ہوا تھا لیکن پارلیمانی پارٹی، کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی نے استعفیٰ منظور نہیں کیا تھا۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور رہنما تحریک انصاف عمر ایوب نے لکھا کہ پارٹی کا سیکرٹری جنرل مقرر کرنے پر عمران خان کا بے حد مشکور ہوں۔ میں نے بہت مشکل وقتوں میں اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کی اور آپ کی متحرک قیادت میں بہت کچھ سیکھا۔ پی ٹی آئی ٹیم کام کرنے کے لیے بہترین ٹیموں میں سے ایک ہے اور ہر شخص پاکستان اور پی ٹی آئی کے لیے اپنا حصہ ڈالنا چاہتا ہے۔

’پی ٹی آئی ورکرز نے گزشتہ 2 سالوں میں بے پناہ مشکلات برداشت کیں لیکن وہ جھک نہیں پائے۔ انہوں نے جسمانی اذیتیں اور مالی مشکلات برداشت کیں لیکن پی ٹی آئی کے حقیقی آزادی اور قانون کی حکمرانی کے نظریے پر قائم رہے‘۔

عمر ایوب نے لکھا کہ وہ خاص طور پر بیرسٹر گوہر علی خان صاحب، سینیٹر شبلی فراز صاحب، اراکین پارلیمانی پارٹی، سیاسی جماعتوں کی طرف سے زبردست حمایت کا اعتراف کرتے ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ وہ اپنی عاجزانہ رائے میں، ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ سیکرٹری جنرل کے عہدے کے ساتھ انصاف نہیں کرسکتے کیونکہ  قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کا عہدہ اور میری قانونی لڑائی پوری توجہ کی متقاضی ہے۔

انہوں نے لکھا کہ قومی اسمبلی میں جس حلقے کی میں نمائندگی کرتا ہوں اس کے علاوہ پارلیمانی کام کے بوجھ کو دیکھتے ہوئے محسوس کرتا ہوں کہ پارٹی کے ڈھانچے کو منظم کرنے اور اس کے تحت کام کرنے کے لیے کوئی اور شخص سیکرٹری جنرل ہونا چاہیے۔ مستقبل قریب میں پی ٹی آئی کو انتخابات کے لیے تیار کرنے کے لیے آپ کی رہنمائی چاہیے ہوگی۔

عمر ایوب نے لکھا کہ اس لیے وہ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اور چیئرمین سینٹرل فنانس بورڈ پی ٹی آئی کے عہدے سے استعفیٰ دے رہے ہیں لیکن پی ٹی آئی اور پاکستان کو جو نظریہ عمران خان نے دیا ہے اس کے مطابق کارکن کی حیثیت سے پی ٹی آئی کے لیے کام کرتا رہوں گا۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ایک بار پھر وہ اس اعتماد اور بھروسے کو تسلیم کرنا چاہتے ہیں جو عمران خان نے ان پر ظاہر کیا ہے۔ اللہ آپ کا حامی و ناصر ہو کیونکہ آپ انشاء اللہ جلد ہی وزیراعظم بن کر پاکستان کی قیادت کریں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button