فاشسٹ امپورٹڈ حکومت نے ملک میں ایک افراتفری کی فضا برپا کی،عمر ایوب
پچھلے 15 ماہ میں بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا،ابھی گیس کی قیمتوں میں65 فیصد اضافے کی خبریں گردش کر رہی ہیں،سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی

اسلام آباد(نیوز رپورٹر، آن لائن)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے اتحادی حکومت پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس نے ملک میں افراتفری کی فضا برپا کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمر ایوب کا کہنا تھا کہ جب سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو عدم اعتماد کے ذریعے سازشی طریقے سے ہٹایا گیا اس کے بعد ملک میں مہنگائی کا طوفان آیا، اس فاشسٹ امپورٹڈ حکومت نے ملک میں ایک افراتفری کی فضا برپا کی، لوگوں کا جینا اجیرن ہو چکا ہے، پچھلے 15 ماہ میں بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا،ابھی گیس کی قیمتوں میں65 فیصد اضافے کی خبریں گردش کر رہی ہیں، تحریک انصاف کے ساتھیوں نے اس وقت تک بے تحاشہ قربانیاں دی ہیں،انھوں نے یہ قربانیاں ملک و قوم کے لئے دیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت اور مرکز کی علامت ہے، تحریک انصاف کا ہر سپاہی، کارکن، سپورٹر محب وطن ہے اور پاکستان کے کے لیے جان دینے کو تیار ہے، فاشسٹ حکومت ہمارے ساتھ جو سلوک کر رہی ہے وہ بد ترین فاشزم کی مثال ہے، یہ فاشزم صرف ہٹلر اور نازی جرمن کی حکومتوں میں، فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں دیکھا گیا لیکن اپنی ہی پولیس اپنے لوگوں کے ساتھ یہ بد ترین سلوک رواں رکھے یہ قابل قبول نہیںاور یہی وجہ ہے ہم اپنا قانونی حق محفوظ رکھ رہے ہیں اور عدالتوں سے رجوع کر رہے ہیں،ہم لوگ پر امن طریقے سے عدالتی نظام کے ذریعے اس فاشزم کا مقابلہ کر رہے ہیں۔
عمر ایوب کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کی آمد آمد ہے، میری عوام سے اپیل ہے کہ انتخابات کے دوران اپنے گلی محلوں میں لوگوں کو قائل کرنا ہے کہ وہ بلے پر ٹھپہ لگائیں،عوام پاکستان تحریک انصاف کے اپنے کارکنان، لیڈرز اور منتخب نمائندوں کو ووٹ دیں اور کامیاب کریں، یہ ووٹ براہ راست چیئرمین تحریک انصاف کو جائیگا، مشکل وقت کی گھڑی میں انسان کا اندازہ ہوتا ہے وہ کہاں پر کھڑا ہے، ہم سب لوگ لوہے اور پتھر کی طرح مضبوطی کے ساتھ تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم چاہتے ہیں پاکستان ایک مظبوط ملک ابھر کر سامنے آئے، آپ کسی کو زبردستی قائل نہیں کرسکتے جب تک اس شخص کے اندر ایمان کا جزبہ اور نظریہ نہ ہو،وہ نظریہ پارٹی کا نام یعنی پاکستان تحریک انصاف ہے، جسکا مطلب ہی انصاف کی تحریک ہے، ہم لوگ قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں، چیئرمین تحریک انصاف نے اپنا کردار ادا کر دیا ہے اور قوم کو بیدار کردیا ہے،پاکستان کی 23 کروڑ اب صرف ایک ہی چیز کا مطالبہ کر رہی ہے اور وہ ہے قانون کی حکمرانی، پاکستان تحریک انصاف اورعدل کا نظام،پاکستان کی عوام سب کے لیے ایک جیسا عدل کا نظام کا مطالبہ کررہی ہے جس میں عوام کو ایک جیسے مواقع میسر ہوں۔