فیصل واوڈا کیخلاف نازیبا الفاظ کا استعمال، پی ٹی آئی سینیٹر فلک ناز کو لینے کے دینے پڑ گئے
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے ایوان میں سینیٹر فیصل واوڈا کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال پر پاکستان تحریک انصاف کی سینیٹر فلک ناز کو 2 روز کے لیے معطل کردیا
اسلام آباد(کھوج نیوز) سینیٹر فیصل واوڈا کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال پر پاکستان تحریک انصاف کی خاتون سینیٹر فلک ناز کو چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کھڈے لائن لگا دیا۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ اگر تقریر میں ماں، بہن، بیٹی کا خیال کیا ہوتا تو وہ نہ ہوتا جو کل ہوا، ہماری ماں بہنوں کو کچھ بولیں گے تو ہم خاموش نہیں رہیں گے۔ بانی پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ کل تک پی ٹی آئی نیب ترامیم کے خلاف تھی، آج انہی ترامیم سے ریلیف لے لیا، آج کہتے ہیں فوج سے بات کرنے پر تیار نہیں اور بات کرنے کے لیے منتیں کر رہے ہیں، اندر خانے یہ پیر پڑتے ہیں اور معافیاں مانگتے ہیں، آپ ملک توڑنے کی بات نہ کرتے تو ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہوتے، فیض حمید کے ذریعے آپ حکومت میں آئے تھے۔
اس دوران پی ٹی آئی سینیٹر فلک ناز کی فیصل واوڈا سے تلخ کلامی ہوئی، اس دوران فلک ناز کی جانب سے نازیبا الفاظ کا استعمال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے سینیٹر فلک ناز کے نازیبا الفاظ حذف کروا دیئے۔ سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ کھلے عام گالیاں چل رہی ہیں ،ہم دلیل سے جواب دیں گے، آپ سینیٹ میں بھی گالی دے رہے ہیں، چیئرمین صاحب ان کو گرفتار کرائیں، الفاظ حذف کرنے سیکام نہیں چلیگا، آپ کو ایکشن لینا ہوگا، خاتون رکن کو معافی مانگنی ہوگی۔ چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ خاتون رکن معافی نہیں مانگیں گی تو معطل کریں گے۔ اس پر فیصل واوڈا نے کہا کہ چیئرمین صاحب ، یہی تو مسئلہ ہے جب آپ سے کوئی معافی مانگتا ہے تو آپ معاف کردیتے ہیں، آپ کو ان کو معطل کرنا ہوگا۔ یا معافی ہوگی یا تین سال کے لیے رکنیت معطل ہوگی۔ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے سینیٹر فلک ناز کو 2 روز کے لیے معطل کردیا۔ سینیٹ کا اجلاس 12 ستمبر 3 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔