لندن میں سابق چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی گاڑی پر حملہ،وزیرداخلہ محسن نقوی نےایکشن لےلیا
وفاقی وزیرِداخلہ محسن نقوی نےنادرا کو حملہ آوروں کی شناخت کےلیےفوری اقدامات کا حکم دے دیا۔محسن نقوی نے کہا ہے کہ فوٹیجز کے ذریعے حملہ آوروں کی نشاندہی کی جائے
اسلام آباد(کھوج نیوز) لندن میں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور پاکستانی ہائی کمیشن کی گاڑی پر حملے کے معاملے پر وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا بیان سامنے آگیا۔ وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے نادرا کو حملہ آوروں کی شناخت کے لیے فوری اقدامات کا حکم دے دیا۔ محسن نقوی نے کہا ہے کہ فوٹیجز کے ذریعے حملہ آوروں کی نشاندہی کی جائے، حملہ آوروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے اس حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان میں ایف آئی آر درج کر کے مزید کارروائی کی جائے گی، حملہ آوروں کے شناختی کارڈ بلاک اور پاسپورٹ منسوخ کیے جائیں گے۔ محسن نقوی نے کہا ہے کہ جنہوں نے حملہ کیا ان کی شہریت فوری منسوخ کرنے کی کارروائی ہوگی، شہریت منسوخی کا کیس منظوری کے لیے کابینہ کو بھیجا جائے گا۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا ہے کہ کسی کو بھی ایسے حملے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر کی کار پر بھی حملہ ہوا، اس پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے۔ محسن نقوی نے یہ بھی کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو دھمکیوں کا سامنا تھا تو سیکیورٹی کیوں فراہم نہیں کی گئی۔