مبارک ثانی کیس میں سپریم کورٹ کا فیصلہ، فضل الرحمن نے بڑا اعلان کر دیا
دنیا کی کوئی طاقت عقیدہ ختم نبوت کیخلاف سازش نہیں کرسکتی، سپریم کورٹ نے قابل اعتراض تمام شقوں کو ختم کردیا ہے: سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن
اسلام آباد(کھوج نیوز) جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مبارک ثانی کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پرکل ملک بھر میں یوم تشکر منانیکا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ دنیا کی کوئی طاقت عقیدہ ختم نبوت کیخلاف سازش نہیں کرسکتی، سپریم کورٹ نے مبارک ثانی کیس کے حتمی فیصلے کا اعلان کیا ہے، سپریم کورٹ نے قابل اعتراض تمام شقوں کو ختم کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس نے بہت ہی فراخدلی کا مظاہرہ کیا، چیف جسٹس نے جس مثبت رویے کا اظہار کیا ان کو داد دینی چاہیے، ایک انسان اتنے بڑے منصب پر ہو کر کہتا ہے کہ ہم سے غلطی ہوسکتی ہے تو یہ کافی ہے، اس مسئلے پر حکومت اور اپوزیشن سب ایک صفحے پر تھے، ہم ان کے انسانی حقوق کو تسلیم کرتے ہیں کہ وہ آئین پاکستان کو تسلیم کریں، کوئی شہری دنیا کے کسی حصے میں آئین کو تسلیم نہیں کرتا تو اس کے شہری حقوق ختم ہوجاتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ دینی جماعتوں نے سپریم کورٹ کو فیصلے سے متعلق قائل کیا، سپریم کورٹ نے پچھلی سماعتوں کے قابل اعتراض نکات کو ختم کردیا، تمام دینی جماعتوں اور ان کے کارکنان کو مبارک باد پیش کرتاہوں۔