متنازع دہشت گردی آرڈیننس، آزاد کشمیر میں شٹر ڈائون ہڑتال
کسی بھی ایمرجنسی کے لئے جانے والوں کو کہیں بھی نہیں روکا جا رہا، متنازع آرڈیننس کو واپس لینے میں حکومت انا کا مظاہرہ کر رہی ہے: ممبر عوامی ایکشن کمیٹی شوکت نواز
آزاد جموں و کشمیر (کھوج نیوز) متنازع دہشت گردی آرڈیننس کی منظوری کے بعد آزاد کشمیر میں شٹرڈائون ہڑتال شروع ہو گئی ہے جو غیر معینہ مدت تک جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر آزاد جموں و کشمیر میں آج مکمل شٹر ڈان اور پہیہ جام ہڑتال کی جارہی ہے اور اس کال کو غیرمعینہ مدت تک جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ رضاکارانہ شٹر ڈاؤن کی کال پر آزاد کشمیر میں ہوٹل، دودھ دہی، پھل و سبزی اور دیگر اشیا کی دکانوں کے علاوہ میڈیکل اسٹور تک بند ہیں۔ آزاد کشمیر میں ہڑتال کے باعث تمام تعلیمی ادارے اور دینی مدارس بھی بند ہیں۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ممبر عوامی ایکشن کمیٹی شوکت نواز میر کا کہنا تھا کہ ہمارے پر امن احتجاج کو ہلکا نہ لیا جائے، پورے آزاد کشمیر میں لوگوں نے رضاکارانہ طور پر ہڑتال اور پہیہ جام کیا ہے۔ کسی بھی ایمرجنسی کے لئے جانے والوں کو کہیں بھی نہیں روکا جا رہا، متنازع آرڈیننس کو واپس لینے میں حکومت انا کا مظاہرہ کر رہی ہے، ہمارے لوگوں کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔