مخصوص نشستوں سے متعلق کیس پر طلال چوہدری کا ردعمل بھی سامنے آگیا
اس فیصلے سے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، الیکشن کمیشن کو ڈکٹیٹ نہیں کرنا چاہیے، انہیں ان کا کام کرنے دینا چاہیے: ن لیگی رہنماء طلال چوہدری کا ردعمل
اسلام آباد(کھوج نیوز) مخصوص نشستوں سے متعلق کیس پر مسلم لیگ ن کے رہنماء طلال چوہدری کا ردعمل بھی سامنے آگیا ہے ، انہوں نے ایسے فیصلے کو سیاسی استحکام کیلئے نقصان دہ قرار دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنماء طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کا فیصلہ آنے سے معاشی عدم استحکام بڑھے گا اور اس سے سیاسی استحکام کو نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری ذمہ دار آدمی ہیں، اتحادی ہیں اور ان کی جماعت حکومت کے ساتھ کھڑی رہے گی اور اس فیصلے سے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، الیکشن کمیشن کو ڈکٹیٹ نہیں کرنا چاہیے، انہیں ان کا کام کرنے دینا چاہیے، ہر دفعہ الیکشن کمیشن ہی کیوں غلط ہوتا ہے ، الیکشن کمیشن ایک آزاد ادارہ ہے۔ لیگی رہنما نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کے کام میں مداخلت کیوں کی جاتی ہے، تمام اداروں کو الیکشن کمیشن کے فیصلوں کو سپورٹ کرنا چاہیے، ان کے ساتھ چلنا چاہیے، تمام سیاسی جماعتوں کا فیصلہ ہے کہ پاکستان میں ایسا ماحول بننا چاہیے جس سے سیاسی اور معاشی استحکام آئے۔