مخصوص نشستوں کا معاملہ، سپیکر قومی اسمبلی نے چیف الیکشن کمشنر کو خط میں کیا لکھا ہے؟ تحریر سامنے آگئی
پارلیمنٹ کی خود مختاری قائم رکھتے ہوئے مخصوص نشستیں الاٹ کی جائیں، جس رکن پارلیمنٹ نے کاغذاتِ نامزدگی کے ساتھ پارٹی سرٹیفکیٹ نہیں دیا وہ آزاد تصور ہوگا
اسلام آباد(کھوج نیوز) مخصوص نشستوں کے معاملے پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چیف الیکشن کمشنر کو خط میں کیا لکھا؟ اس حوالے سے خط کی تمام تحریر سامنے آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا ہے کہ پارلیمنٹ کی خود مختاری قائم رکھتے ہوئے مخصوص نشستیں الاٹ کی جائیں، جس رکن پارلیمنٹ نے کاغذاتِ نامزدگی کے ساتھ پارٹی سرٹیفکیٹ نہیں دیا وہ آزاد تصور ہوگا ، وہ آزاد ارکان جو ایک سیاسی جماعت کا حصہ بن گئے انہیں پارٹی تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
اسپیکر نے خط میں کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے الیکشن کمیشن کو حکم دیا گیا کہ ایک جماعت کے ارکان کو دوسری جماعت میں شامل کیا جائے ، عدالتی فیصلے کا تاثر یہ ہے کہ کسی جماعت کے رکن کو دوسری جماعت میں شامل ہونے کی اجازت دی گئی ، سپریم کورٹ کا فیصلہ مہینوں بعد آیا جب ارکان پہلے ہی ایک سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کرچکے تھے ، ایکٹ کے تحت سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ڈیکلیریشن کا کوئی اثر نہیں ہوگا ۔ اسپیکر نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ نے الیکشن ایکٹ منظورکیا، صدر کے دستخط کے بعد نافذ ہوگیا، الیکشن کمیشن پارلیمنٹ کے قوانین پر عمل کرے، الیکشن ایکٹ کے تحت مخصوص نشستیں الاٹ کی جائیں ۔ خط میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ماضی کے ایکٹ کے تحت تھا جس کا اب اطلاق نہیں ہے ، اب ترمیم شدہ الیکشن ایکٹ موجود رہے گا ، الیکشن کمیشن پارلیمنٹ اور جمہوری اصولوں کی بالادستی یقینی بنائے۔