پاکستان

مشعال یوسفزئی سےقلمدان واپس لینےاور پارٹی کےاندر مخالفت کی اندرونی کہانی سامنےآگئی

مشعال یوسفزئی صوبے کو چھوڑ کر مرکز میں زیادہ رہتی تھیں، ان کے خلاف بانی پی ٹی آئی کو سینیئر قیادت کی جانب سے شکایات ملیں

پشاور(کھوج نیوز) خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے مشیر برائے محکمہ سماجی بہبود مشعال یوسفزئی سے قلمدان واپس لینے اور پارٹی کے اندر مخالفت کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ ذرائع کے مطابق مشعال یوسفزئی کے پارٹی کے مرکزی معاملات میں مداخلت پر اعتراض ہے، پارٹی کے سینیئر رہنما نے "ڈی نوٹیفائی مشعال” کا میسج علی امین گنڈاپور کو بھیجا، سینیئر رہنما نے بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر میسج وزیر اعلیٰ کو بھیجا۔

ذرائع نے بتایاکہ مشعال یوسفزئی صوبے کو چھوڑ کر مرکز میں زیادہ رہتی تھیں، ان کے خلاف بانی پی ٹی آئی کو سینیئر قیادت کی جانب سے شکایات ملیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مشعال یوسفزئی پر ہر جگہ بشریٰ بی بی کا نام استعمال کرنے کا بھی الزام ہے، ان کی بطور مشیر محکمہ سماجی بہبود کارکردگی بھی غیرتسلی بخش تھی۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما شوکت یوسفزئی  کا کہنا تھاکہ مشعال کی نہ کابینہ میں کارکردگی تھی نہ پارٹی کو کچھ فائدہ دیا، ان کا رابطہ صرف اعلیٰ قیادت کے ساتھ ہی ہوتا تھا۔ ان کا کہنا تھاکہ مشعال کو کابینہ میں لینا میرے لیے بڑا باعث تعجب تھا، مجھے نہیں پتا ان کی پارٹی میں کیا خدمات ہیں، بطور وکیل ہمارے ساتھیوں کی بھی کوئی مدد ان کی طرف سے نہیں ہوئی۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا تھاکہ وزیراعلیٰ کو مشعال کی کام کرنے کی صلاحیت کا پتا چل گیا ہے، میں سمجھتا ہوں وزارتوں کی تقسیم پر ضرور نظر ثانی ہونی چاہیے۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں مشیربرائے سماجی بہبود مشعال یوسفزئی سے قلمدان واپس لے لیاگیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button