پاکستان

ملکی ترقی کے لئے کیا کرنا ہوگا؟ وزیراعظم شہباز شریف نے اندر کی بات بتا دی

پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل گیا ، جادو ٹونے کرنے اور پھونکیں مارنے والے ملک کے بد خواہ ناکام ہو گئے،ترقی کے لئے کرپشن، بجلی وگیس چوری کا خاتمہ کرنا ہوگا، وزیراعظم

کراچی ( سٹاف رپورٹر، آن لائن) وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل گیا ہے، جادو ٹونے کرنے اور پھونکیں مارنے والے ملک کے بد خواہ ناکام ہو گئے ہیں،ترقی کے لئے کرپشن، بجلی وگیس چوری کا خاتمہ کرنا ہوگا، نوجوانوں کو ہنر مند اور بااختیار بنانا ہوگا، آئندہ الیکشن میں موقع ملا تو صوبوں کے ساتھ مل کر باصلاحیت نوجوانوں میں ہر سال 10 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے،نوجوانوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے اور انہیں بااختیار بنانے کی تقریب میں شرکت میرے لئے باعث افتخار ہے،گورنر سندھ نے گورنر ہائوس میں نوجوانوں کے لئے شاندار پروگرام شروع کیا ہے جو لائق تحسین ہے، سندھ کے وزیراعلیٰ صوبے میں لیپ ٹاپ کی تقسیم اور ترقیاتی وسائل فراہم کر نے کے لئے کوشاں ہیں، نوجوانوں کو زیر تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے جتنے بھی وسائل فراہم کرنے کی ضرورت ہے کرنے چاہیئں ، اس سے ملک تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا، بینکوں کے لئے یہ بات لازم کر دینی چاہیے کہ چھوٹے کسانوں اور دکانداروں کے لئے قرضے کی رقم کا خاص حصہ مختص کریں،ہمیں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی سہولت کا انتظام کرنا ہو گا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کو یہاںوزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم اور وزیرِ اعظم یوتھ بزنس لونز کے تحت چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق، وفاقی وزیر برائے توانائی انجینئر خرم دستگیر، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ اور صوبائی وزرا کے علاوہ طلباو طالبات کی بڑی تعدادموجود تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے اور انہیں بااختیار بنانے کی تقریب میں شرکت میرے لئے باعث افتخار ہے۔ سندھ کے وزیراعلیٰ صوبے میں لیپ ٹاپ کی تقسیم اور ترقیاتی وسائل فراہم کر نے کے لئے کوشاں ہیں۔گورنر سندھ نے گورنر ہائوس میں نوجوانوں کے لئے شاندار پروگرام شروع کیا ہے جو لائق تحسین ہے۔لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبا وطالبات کی اکثریت کا تعلق صوبے کے مختلف علاقوں سے ہے۔ نوجوانوں کو زیر تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے جتنے بھی وسائل فراہم کرنے کی ضرورت ہے کرنے چاہیئں ، اس سے ملک تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔ ہم نے فری لانسنگ کے لئے پروگرام کا آغازکیاہے۔پاکستان کے نوجوان انتہائی باصلاحیت ہیں۔ قوم کو آگے بڑھانے کے لئے نوجوانوں کو ہنر مند اور بااختیار بنانا ہو گا۔وزیراعظم نے کہا کہ محدود وسائل میں باصلاحیت نوجوانوں کی طرف سے صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا بہت اہم ہے۔ پاکستانی نوجوانون میں بے پناہ صلاحیت ہے ، ہمیں ان کی صلاحیت کو نکھارنا ہے۔ نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے لئے مواقع فراہم کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ موجودہ حکومت کی مدت پوری ہو رہی ہے۔ ایک لاکھ لیپ ٹاپ 23ـ2022 کے بجٹ کاحصہ ہیں۔رواں مالی سال کے بجٹ میں بھی نوجوانوں کو ایک لاکھ لیپ ٹاپ میرٹ پر دیئے جائیں گے۔ اس کے لئے کسی سفارش ، اقرباپروری کی ضرورت نہیں ہے۔ تعلیم ہی اور میرٹ ہی لیپ ٹاپ حاصل کرنے کا معیار ہے۔ سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبا کے لئے ہم نے یہ سکیم شروع کی ہے۔ آئندہ الیکشن میں ہمیں موقع ملا توعوام کی فلاح و بہود کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔

صوبوں کی مدد سے ہرسال 5 سے 10 لاکھ لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے۔ نوجوانوں کو اگر سہولیات فراہم کریں تو یہ نوجوان جو ہمارے مستقبل کی ضمانت ہیں ملک کے اربوں ڈالر کما کر لا سکتے ہیں۔ یوتھ لون سکیم کے تحت ملک بھر کے نوجوانوں میں 30 ارب روپے تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ اس پر ہم بینکوں کے تعاون کے شکر گزار ہیں۔ اگر ہم نے چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کے لئے قرضوں کی تقسیم کا نظام وضع نہ کیا تو پھر ترقی نہیں ہو سکتی۔بینک بڑے بڑے کاروباری اداروں کو قرضے دیتے ہیں۔ بینکوں کے لئے یہ بات لازم کر دینی چاہیے کہ چھوٹے کسانوں اور دکانداروں کے لئے قرضے کی رقم کا خاص حصہ مختص کریں۔ہمیں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی سہولت کا انتظام کرنا ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سابق حکومت نے 3 ارب ڈالر 4 فیصد کی شرح سے بڑے بڑے کاروباری افراد کو دے دیئے۔ ان بچوں ، چھوٹے کسانوں اور چھوٹے کاروبار کرنیوالوں کا خیال کیوں نہیں رکھا گیا۔ملک کی تیز رفتار ترقی کے لئے ہمیں اس طرف توجہ دینا ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس تقریب میں ہمیں قومی یکجہتی کا بھر پور اظہار نظر آ رہا ہے۔ یہ بہت اچھی بات ہے۔ ملک کو آگے لے جانے کیلئے ہمیں مل کر کے کوششیں کرنا ہوں گی۔ پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا ہے۔جادو ٹونے کرنے اور پھونکیں مارنے والے ملک کے بد خواہ ناکام ہو گئے ہیں۔اب ہم نے آگے کی طرف جانا ہے۔اب ہم نے معاشی ترقی کے لئے اصلاحات کرنی ہیں اور معیشت کو بہتر بنانا ہے۔معاشی ترقی کے لئے ہمیں بنیادی اصلاحات لانی ہیں۔ ملک کی ترقی کے لئے کرپشن ، بجلی اور گیس چوری کا خاتمہ کرنا ہو گا ، تب پاکستان ایک عظیم ملک بنے گا۔ عرب نیوز میں ایک آرٹیکل میں نے پڑھا ہے جس میں تحریر کیاگیا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کیبعد پاکستان میں ایسے حالات پیدا ہو رہے ہیں ملک ترقی کے راستے پر گامزن ہو نے والا ہے۔پاکستانی نوجوان محدود وسائل میں بھی کارہائے نمایاں سرانجام دے رہے ہیں۔ نوجوانوں کو سہولیات دے کر ہی ملکی ترقی ممکن ہے۔ایس آئی ایف سی پاکستان کو ترقی کی منزل تک لے کے جائے گا۔قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے کہا کہ دنیا میں آج نئی ٹیکنالوجی آ رہی ہے، دنیاٹیکنالوجی کے میدان میں تیزی سے ترقی کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری وزارت نے مختلف اداروں میں آئی ٹی کورسز شروع کرائے ہیں۔ پاکستان میں موبائل فون مینوفیکچرنگ شروع ہو گئی ہے۔ آئی ٹی برآمدات میں اضافہ سے ملکی زرمبادلہ میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ پچھلے ایک سال میں آئی ٹی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ لیپ ٹاپ سکیم وزیراعظم محمد شہباز شریف کا انقلابی منصوبہ ہے۔ہونہار اور باصلاحیت طلباو طالبات کو میرٹ پر لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہاکہ وزیراعظم لیپ ٹاپ اور یوتھ لون سکیم نوجوانوں کے محفوظ مستقبل کا بہترین منصوبہ ہے۔ ہمیں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے زیادہ سے زیادہ اقدامات کرنے ہوں گے۔گورنر ہائوس میں ایک لاکھ طلبا و طالبات کے لئے آئی ٹی کورس شروع کرنے کے پروگرام کا آغازکیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہاکہ نوجوانوں کو سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ، لیپ ٹاپ سکیم بہت اہم ہے ، حکومت سندھ نے ہونہار طلبہ اور باصلاحیت نوجوانوں کیلئے خود کئی پروگرام شروع کئے ہیں ، لیپ ٹاپ اور لون حاصل کرنے والوں میں 70فیصد خواتین ہیں ، خواتین کی ترقی کیلئے خصوصی اقدامات کئیجارہے ہیں ،این ای ڈی یونیورسٹی میں 25ارب روپے کی سرمایہ کاری سے ٹیکنالوجی پارک بنایا جائے گا۔اس موقع پر سندھ پولیس کے چاق و چوبند ددستے نے طلبا و طالبات کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button