لاہور(رپورٹنگ ٹیم، مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھر میں آج عید میلادالنبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا دن پورے مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منایا گیا، پاکستان کے شہر شہر، گلی گلی کو سبز قمقوں سے سجا گیا اور کئی عمارتوں پر چراغاں کا بھی اہتمام کیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق حضور سرور کائنات صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ولادت با سعادت کا دن دنیا بھر میں جوش و جذبے سے منایا جاتا ہے، پاکستان میں بھی لوگ یہ دن منانے کیلئے خصوصی اہتمام کرتے ہیں۔ مساجد، گھروں، دفاتر، محلوں، عمارتوں، گلیوں اور بازاروں غرض ہر جگہ کو خوبصورت جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجایا جاتا ہے۔
لاہور کینٹ میں دن کے آغاز پر ایوب اسٹیڈیم میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، اس موقع پر فضا توپوں کی گونج اور فوجی جوانوں کے نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے نعروں سے گونج اٹھی۔
دن کے آغاز کے موقع پر ملک میں امن، سلامتی اور استحکام کی دعائیں مانگی گئیں۔ عید میلاد النبی کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی اللہ کی اطاعت، عدل و انصاف اور انسانوں کی جانب شفقت و محبت کی مجسم تصویر ہے، آپ کی تعلیمات ہمہ گیر اور آفاقی ہیں۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے عید میلاد النبی کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ مسلمانوں اور مختلف عقائد کے لوگوں کے درمیان بھائی چارے کیلئے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیغام کو مشعل راہ بنائیں، نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی ہمدردی، رواداری اور محبت کی تابندہ مثال ہے، آپ ﷺکا کردار اور اعمال ہمارے لیے بہترین نمونہ ہیں۔
12 ربیع الاول کی مناسبت سے شہر کی گلیوں اور شاہراہوں پر مسجد نبوی سمیت دیگر مقدس مقامات کے دلکش ماڈلز بھی بنائے گئے اور محافل کا بھی اہتمام کیا گیا۔ سجاوٹی اشیا خریدنے والوں کا کہنا تھا کہ وہ عید میلاد النبی کے موقع پر زندگی بھر یوں ہی چراغاں کرتے رہیں گے۔
جشن عید میلاد النبی کے موقعے پر گوجرانوالہ میں سو من کھیر کی دیگ تیار کی گئی جبکہ حیدرآباد اور سکھر سمیت سندھ بھر میں بھی عید میلاد النبیﷺ پورے مذہبی جوش و جذبے سے منایا گیا۔