پاکستان

ملک بھر میں بچوں کیساتھ جنسی زیادتی کے واقعات میں کتنا اضافہ ہوا؟ تشویشناک رپورٹ آگئی

جنسی زیادتی کے 5398 واقعات رپورٹ ، 62 فیصد واقعات صوبہ پنجاب سے رپورٹ ہوئے جن کی تعداد 3323 ہے' یہ تعداد دیگر صوبوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے

لاہور(کھوج نیوز) ملک بھر میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات میں کتنا اضافہ ہوا؟ اس حوالے سے تشویشناک رپورٹ سامنے آئی ہے جس نے پورے پاکستان کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سسٹین ایبل سوشل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (SSDO) نے پاکستان کے 4 صوبوں پنجاب ، سندھ ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات پر مبنی 5 سالہ رپورٹ جاری کر دی ہے۔ ایس ایس ڈی او کی رپورٹ کے مطابق 5سال کے عرصے میں بچوں کے خلاف جنسی زیادتی کے 5398 واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں سے 62 فیصد واقعات صوبہ پنجاب سے رپورٹ ہوئے جن کی تعداد 3323 ہے۔ یہ تعداد دیگر صوبوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔ بچوں سے جنسی زیادتی کے خیبرپختونخوا میں1360 واقعات رپورٹ ہوئے جو کہ25.1 فیصد ہیں۔ اسی طرح سندھ میں458 واقعات رپورٹ ہوئے جو کہ8.5 فیصد ہے جب کہ بلوچستان سے257 واقعات رپورٹ ہوئے جو کہ 5فیصد ہے۔

بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں 62 فیصد کیسز کا ہونا موجودہ چائلڈ پروٹیکشن پالیسیوں اور ان کے نفاذ پر فوری نظرثانی کا تقاضا کرتا ہے۔ اسی طرح سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے رپورٹ ہونے والے واقعات نظام میں موجود خلا کی نشاندہی کرتے ہیں، جنہیں حکومتی اداروں اور سول سوسائٹی کے درمیان مربوط کوششوں سے حل کیا جانا چاہیے۔ رپورٹ میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ 5برس کے دوران 2019 سے 2023 میں رپورٹ ہونے والے واقعات میں 220 فیصد اضافہ دیکھنے کو ملا ہے ۔پنجاب کے ضلع لاہور میں بچوں سے زیادتی کے سب سے زیادہ 1176 واقعات رپورٹ ہوئے جب کہ خیبرپختونخوا کے کم آبادی والے ضلع کولائی پالس کوہستان ،جہاں 18 سال سے کم عمر افراد کی آبادی محض 1لاکھ 58ہزار ہے ، جس میں 84 واقعات رپورٹ ہوئے۔ گزشتہ 5 برس میں بچوں سے جنسی زیادتی کے رپورٹ ہونے والے واقعات میں 220 فیصد اضافہ ہونا واضح کرتا ہے کہ مضبوط قوانین، موثر نفاذ کے طریقہ کار اور عوامی آگاہی مہمات کی اشد ضرورت ہے۔ بچوں کا تحفظ قومی ترجیح بننا چاہیے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button