مکران ہائی وے پر زائرین کی بس کو حادثہ،صدرِمملکت اوروزیرِاعظم شہبازشریف کا اظہارافسوس
شہبازشریف نے بھی زائرین کی بس کو پیش آنے والے حادثے پر گہرے غم و رنج کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے لیے مغفرت کی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کے لیے دعا کی
اسلام آباد(کھوج نیوز) صدرِمملکت آصف علی زرداری اوروزیرِاعظم شہبازشریف نے مکران کوسٹل ہائی وے پر زائرین کی بس کو پیش آنے والے حادثے پر گہرے دکھ و غم کا اظہارکیا ہے۔ صدر آصف زرداری نے مکران کوسٹل ہائی وے پر زائرین کی بس کو حادثے پر دکھ کا اظہار کیا۔
انہوں نے جاں بحق افراد کے سوگواروں سے اظہار ہمدردی کیا جبکہ حادثے میں زخمی ہونے والوں کے لیے ہدایت جاری کی کہ ان کی طبی امداد اور بھرپور دیکھ بھال کی جائے۔ ادھر وزیرِ اعظم شہبازشریف نے بھی زائرین کی بس کو پیش آنے والے حادثے پر گہرے غم و رنج کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے لیے مغفرت کی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کے لیے دعا کی۔
انہوں نے زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے اور ان کی بھرپور دیکھ بھال کی ہدایت بھی کی۔ واضح رہے کہ مکران کوسٹل ہائی وے پر بس حادثے میں 11 زائرین جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ حادثہ بزی ٹاپ کے قریب پیش آیا جہاں پر بریک فیل ہونے پر بس کھائی میں جا گری۔ واضح رہے کہ بس زائرین کو لے کر پنجاب سے ایران جا رہی تھی، زائرین کا تعلق لاہور اور گوجرانوالہ سے ہے۔