میاں اللہ یار گڈگور کا قتل ، نعش پوسٹمارٹم کے لئے پولیس نے قبضہ میں لے لی
میاں اللہ یار گڈگور کو سوسائٹی میں چوتھی منزل سے نیچے پھینکا گیا،پولیس نے فٹ پاتھ سے انکی نعش قبضہ میں لی،ساتھ تین مقیم افراد کو حراست میں لے لیا
اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے، آن لائن )ساہیوال سے مسلم لیگ( ق) کے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی و ضلعی جنرل سیکرٹری میاں اللہ یار گڈگور کو اسلام آباد کی ایک نجی ہاوسنگ سوسائٹی میں مبینہ طور پر قتل کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ان کو اسلام آباد کی نجی ہاوسنگ سوسائٹی میں چوتھی منزل سے نیچے پھینکا گیا اور پولیس نے فٹ پاتھ سے انکی نعش قبضہ میں لی، پولیس نے انکے ساتھ تین مقیم افراد کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ میت کو پولی کلینک اسلام آباد میں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا،اطلاع ملتے ہی پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مصطفیٰ ملک تھانے پہنچ گئے اور واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں انہوں نے آئی جی اسلام آباد کو بھی اس واقعہ سے آگاہ کیااور میرٹ پر تفتیش کرنے کا مطالبہ کیا،پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس کیس میں انصاف یقینی بنایا جائے گا۔پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے واقعہ پر دلی افسوس اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا,مسلم لیگ پنجاب کے صدر چوہدری محمد سرور نے واقعہ پر دلی دکھ کا اظہار کیا،اور کہا کہ ہم ایک مخلص ساتھی سے محروم ہوئے ہیں، ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے،جبکہ مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری شافع حسین اس حوالے سے مسلم لیگی راہنماوں اور لواحقین سے رابطے میں رہے۔