نئےکرنسی نوٹوں کا اجراء کب تک ہوگا؟اسٹیٹ بینک نےتمام افواہوں کی وضاحت کردی
اسٹیٹ بینک کے مطابق جن ڈیزائنز کو فاتح قرار دیا گیا وہ بینک نوٹوں کی نئی سیریز کے لیے شارٹ لسٹڈ ڈیزائن نہیں
اسلام آباد(کھوج نیوز) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئے بینک نوٹوں کی سیریز سے متعلق اہم وضاحت جاری کر دی ہے۔ اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ جنوری میں آرٹ مقابلے کے ساتھ نئے بینک نوٹوں کی سیریز کی ڈیزائننگ کا عمل شروع کیاگیا، مقابلے کا مقصد فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور بین الاقوامی سطح پر بہترین ڈیزائن کی تیاری میں عوام کو شامل کرنا تھا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق ڈیزائنز کا جائزہ ماہرین پر مشتمل کمیٹی نے لیا ،فاتح انٹریز کا اعلان 5 ستمبر کو کیا گیا۔ اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ مقابلے کے نتائج کو بعض حلقوں نے نئے نوٹوں کی سیریز کے ڈیزائنز کی شارٹ لسٹنگ سے تعبیر کیا جبکہ نتائج کے اعلان کا مقصد محض فنکاروں کی کاوشوں کو سراہنا اور انعامات سے نوازنا تھا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق جن ڈیزائنز کو فاتح قرار دیا گیا وہ بینک نوٹوں کی نئی سیریز کے لیے شارٹ لسٹڈ ڈیزائن نہیں، مجوزہ نئی سیریز کے حتمی ڈیزائن مسابقتی عمل کے ذریعے معروف بین الاقوامی کمپنیاں ڈیزائن کر رہی ہیں، یہ کمپنیاں دسمبر 2024 تک نئے نوٹوں کے ڈیزائنز کے لیے اپنی تجاویز پیش کریں گی اور پھر اسٹیٹ بینک بورڈکی جانب سے منظور کردہ ڈیزائنز جنوری تک وفاقی حکومت کو پیش کیے جائیں گے۔
اسٹیٹ بینک کا کہناہے کہ وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد ہی نئے ڈیزائن کے نوٹوں کی سیریز کی چھپائی شروع ہوگی۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کے لیے کروائے گئے مقابلے کے نتائج جاری کیے تھے۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ کل 9 ڈیزائنرز کے جانب سے بھیجے گئے 10 ڈیزائنز کو شارٹ لسٹ کیا گیا اور جن افراد کے ڈیزائن شارٹ لسٹ ہوئے ہیں انہیں انعامات دیے جائیں گے۔ اسٹیٹ بینک نے جن ڈیزائنز کو شارٹ لسٹ کیا ان میں 20 روپے، 50 روپے ، 100 روپے اور ہزار روپے کے نوٹ کا ایک ایک ڈیزائن جبکہ 10 روپے، 500 روپے اور 5 ہزار روپے کے نوٹوں کے دو دو ڈیزائن شامل تھے۔