پاکستان

نوازشریف کی سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے سے متعلق اہم خبرمنظرعام پرآگئی

نوازشریف نے پارٹی کے سینیئر رہنماؤں سے ملاقات کی جس میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورت حال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا

لاہور(کھوج نیوز)نوازشریف کی سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے سے متعلق اہم خبرمنظرعام پرآگئی, آج تقریباً ساڑھے 4 سال بعد نواز شریف پارٹی سیکریٹریٹ آئے اور تمام ملازمین سے بالمشافہ ملاقات کی، نوازشریف نے سیکریٹریٹ کے تمام حصوں کا دورہ بھی کیا۔نوازشریف نے پارٹی کے سینیئر رہنماؤں سے ملاقات کی جس میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورت حال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق نوازشریف اب زیادہ تر ماڈل ٹاؤن سیکریٹریٹ میں موجود رہیں گے، وہ ٹکٹوں کی تقسیم، عوامی رابطہ مہم اور پارٹی کے دیگر امور خود دیکھیں گے۔ نوازشریف کے سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے سے ملک میں سیاسی ہلچل شروع ہو جائے گی۔

پارٹی کی سینیئر قیادت سے ملاقات کے بعد نواز شریف نے اگلی ملاقات سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے ٹکٹ ہولڈرز سے کی جس میں پارٹی کی سینیئر قیادت بھی موجود رہی، نواز شریف نے ٹکٹ ہولڈرز سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے پھر موقع دیا تو ہماری حکومت کی اولین ترجیح معیشت کی بہتری ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ عوام کی خدمت سے بڑی خوشی کسی اور چیز سے نہیں ملتی، معاشی بحالی کے لیے استحکام لازم ہے، سب کو مل کر ملک کی ترقی کے لیے کام کرنا ہوگا، چیمبرز اور صنعتکاروں سمیت تمام شعبوں کی مشاورت سے آگے بڑھیں گے۔ کاروباری افراد کی مشاورت سے پالیسیاں بنائیں گے اور تسلسل یقینی بنایا جائے گا۔

الیکشن کا اعلان ہوتے ہی نواز شریف نے اپنی سیاسی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں، پارٹی کے مطابق نواز شریف نے اپنی پہلی عوامی رابط مہم کا آغاز 21 اکتوبر سے کر دیا تھا جس میں پورے ملک سے لوگ مینار پاکستان آئے تھے لیکن اب نواز شریف ان سب کا شکریہ ادا کرنے اُن کے حلقوں میں جائیں گے۔

پارٹی کے مطابق اس حوالے سے 11 نومبر کو مسلم لیگ ن کی جنرل کونسل کا اجلاس بلایا گیا ہے جس میں نوازشریف کی عوامی رابطہ مہم اور جلسوں کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف جلسوں کا آغاز نومبر کے آخری ہفتے میں کریں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button