پاکستان

نوازشریف کے استقبال کی تیاریاں فائنل مگر اتنا سب کچھ ہوگا کیسے؟

مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے استقبالیہ تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔

لاہور(کھوج نیوز)نوازشریف کے استقبال کی تیاریاں فائنل مگر اتنا سب کچھ ہوگا کیسے؟رپورٹ کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے استقبالیہ تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ چیف آرگنائزر پاکستان مسلم لیگ ن مریم نواز کی زیر صدارت پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کا گرینڈ مشاورتی اجلاس ہوا۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر حمزہ شہباز، سیکریٹری جنرل احسن اقبال، پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ، پنجاب سے سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں تمام ڈویژنز اور اضلاع کے عہدیداران بھی شریک ہوئے۔ مریم نوازشریف نے اجلاس کو نوازشریف کی واپسی کے حوالے سے تیاریوں پر بریفنگ دی۔ مریم نواز نے اجلاس کو بتایا کہ نواز شریف کے استقبال کے لیے پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ میں ’سینٹرل فیسیلی ٹیشن کنٹرول سینٹر‘ قائم کر دیا گیا ہے۔

مریم نواز شریف نے پی پی، وارڈ، ڈویژن، ضلع اور تحصیل کی سطح پر تیاریوں اور تنظیمی اشتراک عمل کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ ’سینٹرل فیسیلی ٹیشن کنٹرول سینٹر‘ قائد نواز شریف کے استقبال کے حوالے سے مرکزی کردار ادا کرے گا۔ مریم نواز نے کہاکہ 21 اکتوبر کو عوام نواز شریف کا تاریخی استقبال کرکے پاناما اور اقاما کے ڈرامہ سازوں کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیں گے۔

اس موقع پر حمزہ شہباز نے کہاکہ نواز شریف نے زخم کھا کر بھی پاکستان کے زخموں پر مرہم رکھا ہے، نوازشریف نے پاکستان کو ایٹمی ملک بنایا، آج اسے بھکاری ملک بنادیا گیا جو باعث شرم ہے۔ حمزہ شہباز نے کہاکہ نوازشریف کو وزیراعظم بنا کر عوام اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ بنائیں گے، نوازشریف کے وزیراعظم بننے کا مطلب مہنگائی کا عذاب کم کرنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کسان، محنت کش، دیہاڑی دار، طالب علم، استاد سب نوازشریف کی راہ دیکھ رہے ہیں۔ قوم کو سوال پوچھنا چاہیے کہ نوازشریف کے دور کے بعد مہنگائی کیوں ہوئی؟۔ اس موقع پر سیکریٹری جنرل پاکستان مسلم لیگ ن احسن اقبال نے کہاکہ نواز شریف کی قیادت میں 2013 سے 2018 پاکستان کی تیز ترین ترقی کا دور تھا۔ پاکستان کی ترقی کے عمل کو ایک سازش کے تحت روکا گیا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نواز شریف ہی نہیں، پاکستان کی ترقی، سی پیک اور پاکستان کے دوست ممالک کے خلاف بھی سازش ہوئی۔ عوام کا مضبوط مینڈیٹ پاکستان کے خلاف ہونے والی سازش کے اثرات ختم کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب رانا ثنااللہ نے کہاکہ نوازشریف کی سیاست پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوش حالی ہے۔ نوازشریف کے خلاف سازش اصل میں عوام اور پاکستان کے خلاف سازش ہوتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان جب بھی ترقی کرتا ہے اسے گرایا جاتا ہے، نواز شریف کی حکومت ختم نہ کی جاتی تو آج ملک میں مہنگائی کا طوفان نہ ہوتا۔ انہوں نے کہاکہ قوم نوازشریف کا استقبال کرکے پاکستان کی ترقی کے ایجنڈے کا ساتھ دے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button