نواز شریف نے ایک بار پھر ”مجھے کیوں نکالا” کا شور مچا دیا مگر کیوں؟
مجھے ''اپنی چھت اپنا گھر '' پروگرام کے اجرا کی بہت خوشی ہورہی ہے، وزیراعلی پنجاب مریم نواز کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتاہوں: نواز شریف
لاہور(کھوج نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے ایک بار پھر ”مجھے کیوں نکالا” کا شور مچا دیا مگر کیوں؟ اس حوالے سے اہم تفصیل سامنے آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے لاہور میں ”اپنی چھت اپنا گھر” کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب میں وزیراعظم تھا تو ملک میں سب کام ٹھیک ہو رہے تھے اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن تھا ‘ وہ کہتا تھا گلے میں رسا ڈال کر جیل میں ڈالوں گا، اتنے بڑے بول مت بولا کرو، عاجزی سیکھو، جیسا کرو گے ویسا بھرو گے، آپ بھی برابر کے ذمہ دارہیں، پوچھا کبھی اتنے اچھے کام ہورہے تھے کیوں نکالا، کبھی اپنے آپ سے پوچھا مجھے کیوں نکالا؟
مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ مجھے اس پروگرام کے اجرا کی بہت خوشی ہورہی ہے، وزیراعلی پنجاب مریم نواز کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتاہوں، اسکیم بنتے وقت مجھے جب مریم نواز نے بتایا اس وقت بھی بہت خوشی ہوئی، ہم کہتے ہیں عوام کا پیسہ عوام پرخرچ ہوناچاہیے،یہ اسکی بہترین مثال ہے، یہ اسکیم بلاسود قرض کی بہترین مثال ہے۔ان کا کہنا تھاکہ کون سی ایسی جماعت ہے جس نے اتنا کام کیا ہو جتنا ن لیگ نے کیا، مجھے کسی جماعت کا ن لیگ جتنا کام بتائیں سننے کوتیار ہوں، دہشتگردی ن لیگ نے ختم کی،ملک کو ایٹمی قوت ن لیگ نے بنایا، ہم آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہتے ہیں ہمارے مخالفین اسے دوبارہ لے آتے ہیں، کیا کبھی یہ ہدایت ملی کہ اپنا گھر اسکیم کے پی میں شروع کریں؟ اپنے کے پی والوں سے پوچھیں صوبے کیلئے کیا کام کیا، اتنے بڑے جنھوں نے وعدے کیے کونسا وعدہ وفا کیا، ان کی کارکردگی صفر،جہاں موقع ملتا ہے احتجاج کرتے ہیں۔
نواز شریف کا کہنا تھاکہ بھیڑ بکریوں کی طرح پیچھے چلنے والے جیل میں بیٹھے شخص سے پوچھیں کہ خیبرپختونخوا کیلئے کیا کیا ہے؟ یہ مار دھاڑ میں نمبر ون اور کارکردگی میں صفر ہیں، آنسوگیس کے شیل لے کر خیبرپختونخوا سے اس طرح پنجاب آتے ہیں جیسے ماضی میں وسط ایشیا سے لوگ پنجاب پر حملہ آور ہوتے تھے، میں سمجھتا ہوں ایسے عناصر کیساتھ سختی سے پیش آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے لوگ علاج کیلئے پنجاب آتے ہیں تو ہم انہیں سینے سے لگاتے ہیں، کے پی میں کوئی ان کو دلچسپی نہیں، بلین ٹری منصوبہ کہاں ہے؟ ملک میں کام کیاجاتا اور کام کرنے دیاجاتا تو آج کوئی بے گھرنہ ہوتا، آج ملکی آبادی کا ایک بڑا حصہ اپنے گھروں سے محروم ہے، ایک کمرہ بھی بناناہو تو انسان پریشان ہوتا ہے پیسے کہاں سے آئیں گے، میریپہلیدور میں اسطرح کی بہت اسکیمیں شروع کی گئی تھیں، ہمارے کسی بھی دور کو مکمل نہیں کرنے دیا گیا۔ نواز شریف کا کہنا تھاکہ ثاقب نثار کی آڈیو آج بھی میرے پاس ہے کہ نوازشریف کو نکالنا اور بانی پی ٹی آئی کو لانا ہے، دھرنوں کی سیاست اور ان لوگوں نے آج پاکستان کو یہ دن دکھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات کا افسوس ہے اور رہے گا، ایک شخص جس نے دن رات پاکستان کیلئے کام کیا اس کے ساتھ ایسا کیوں کیا، ریاست کے ستونوں نے بھی ریاست کے ساتھ کوئی اچھا سلوک نہیں کیا، خرابی کے ذمہ دار ریاست کے ستون بھی ہیں۔