نیا توشہ خانہ ریفرنس، عمران،بشریٰ کی گرفتاری کیخلاف درخواستیں’ فائل چیف جسٹس کے سپرد
یہ کیس پہلے سے اسی نوعیت کی درخواستوں کے ساتھ یکجا کیا جائے اور درخواستیں جلد دستیاب بینچ کے سامنے سماعت کیلئے مقرر کی جائیں: چیف جسٹس عامر فاروق
اسلام آباد (کھوج نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان اور بشری بی بی کی نئے توشہ خانہ ریفرنس میں گرفتاری کیخلاف درخواستیں یکجا کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے فائل چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو بھجوا دی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل دو رکنی بینچ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور اہلیہ بشری بی بی کی نئے توشہ خانہ ریفرنس میں گرفتاری کیخلاف دائر متفرق درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ نیب کے جواب کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہاہے جو مرضی ہو جائے میں شامل تفتیش نہیں ہوں گا، یہ ناقابل قبول ہے کہ ملزم کہے میں تفتیش میں تعاون نہیں کروں گا۔وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ جسمانی ریمانڈ کا معاملہ تو بعد میں آئے گا پہلے نیب کا کنڈکٹ دیکھ لیں، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ آپ کی اسی نوعیت کی ایک درخواست پہلے ہی زیر سماعت ہے، سلمان صفدر نے کہا کہ اس درخواست پر سماعت کی تاریخ اکتوبر میں مقرر کی گئی ہے، وہ ابھی بہت دور ہے۔
عدالت نے کہا کہ کیا سماعت کی آئندہ تاریخ اوپن کورٹ میں دی گئی تھی؟،سلمان صفدر نے جواب دیا نہیں، ہماری درخواست پر جلد سماعت کی متفرق درخواست منظور کی گئی تھی، بانی پی ٹی آئی کے خلاف یہ ایک ہی وقوعہ کا چوتھا مقدمہ ہے۔عدالت نے کہا کہ ہم فائل چیف جسٹس کو بھیج دیتے ہیں پھر وہ فیصلہ کریں گے کیسز کو یکجا کر کے کس بنچ میں لگائیں۔ وکیل نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی عدت کیس میں بریت پر توشہ خانہ کیس میں ضمانت درخواست دائر کی گئی، ٹرائل کورٹ جج نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر نوٹس جاری کیا لیکن عبوری ضمانت نہیں دی۔وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ ٹرائل کورٹ کے نوٹس کے باوجود نیب نے نئے توشہ خانہ کیس میں گرفتاری ڈال دی، نیب نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جواب جمع کروا دیا لیکن ٹرائل کورٹ میں جمع نہیں کرایا۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ احتساب عدالت کا جج کون تھا؟، وکیل سلمان صفدر نے جواب دیا کہ محمد علی وڑائچ جج تھے، چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ہماری درخواستوں پر سماعت کی، پہلی سماعت پر نوٹس جاری کرنے کے بعد بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی درخواست پر سماعت نہیں ہوئی۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی فائل چیف جسٹس عامر فاروق کو بھجواتے ہوئے کہا کہ یہ کیس پہلے سے اسی نوعیت کی درخواستوں کے ساتھ یکجا کیا جائے اور درخواستیں جلد دستیاب بینچ کے سامنے سماعت کیلئے مقرر کی جائیں۔