پاکستان

وزیراعظم شہبازشریف کی کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد سے ملاقات،تعاون بڑھانے پراتفاق

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور کویت کے ولی عہد عزت مآب شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح کے درمیان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی

نیویارک(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف کی کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد سے ملاقات ہوئی ہے، جس میں دونوں رہنماوں نے دوطرفہ اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تعاون بڑھانے کا اعادہ کیا۔وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف اور کویت کے ولی عہد عزت مآب شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح کے درمیان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی۔وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ اور دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

مزید بتایا کہ دونوں رہنماوں نے سیاسی، اقتصادی اور دفاعی تعاون سے لے کر دونوں ممالک کے مابین عوامی اور سماجی تبادلوں تک دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلووں کا جائزہ لیا۔ بیان کے مطابق وزیراعظم نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت سیل کے تحت کویت اور پاکستان کے درمیان اقتصادی روابط اور سرمایہ کاری بڑھانے کے لئے عمل درآمد کے عزم کا اظہار کیا۔مزید بتایا گیا کہ دونوں رہنماوں نے دوطرفہ اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تعاون بڑھانے کا اعادہ کیا۔واضح رہے کہ 24 ستمبر کو وزیر اعظم شہباز شریف امریکا کے 5 روزہ دورے کے سلسلے میں نیو یارک پہنچے، جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعظم آج نیو یارک میں مصروف دن گزاریں گے جہاں وہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی طرف سے رکن ممالک کے سربراہان کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیے میں شرکت کریں گے، اس کے علاوہ وہ مختلف ملکوں کے سربراہان سے غیر رسمی ملاقاتیں بھی کریں گے۔ شہباز شریف کے ہمراہ دورہ امریکا میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ، وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت خالد مقبول صدیقی اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button