وزیراعظم شہباز شریف ممتاز اسلامی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کی ملاقات
آپ نے دنیا بھر کو اسلام کے صحیح تشخص سے روشناس کروایا، امت مسلمہ آپ پر نازاں ہے، آپ اسلام کا صحیح پیغام لوگوں تک پہنچا کر ایک انتہائی اہم فریضہ سر انجام دے رہے ہیں
اسلام آباد(کھوج نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے دورہ پاکستان پر آئے ممتاز اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ملاقات کی ہے اور 2006ء میں ہونیوالی پہلی ملاقات کا ذکر بھی کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان آمد پر ڈاکٹر ذاکر نائیک کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے دنیا بھر کو اسلام کے صحیح تشخص سے روشناس کروایا، امت مسلمہ آپ پر نازاں ہے، آپ اسلام کا صحیح پیغام لوگوں تک پہنچا کر ایک انتہائی اہم فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے 2006 میں ڈاکٹر ذاکر نائیک سے اپنی پہلی ملاقات کا بھی ذکر کیا۔ وزیراعظم نے ڈاکٹر ذاکر نائیک سے کہا کہ میں آپ کے لیکچرز بہت شوق سے سنتا ہوں، آپ کے لیکچر انتہائی پر مغز اور تاثیر سے بھرپور ہوتے ہیں، مجھے یہ جان کر انتہائی خوشی ہوئی کہ آپ کا بیٹا بھی دین اسلام کی خدمت کر رہا ہے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک کا کہنا تھا کہ میں نے 1991 میں پاکستان کا پہلا دورہ کیا تھا اور ابھی تک اس کی یادیں تازہ ہیں، میرا یہی مشن ہے کہ دنیا بھر میں اسلام کا پیغام عام کروں ، اسلام آباد کے علاوہ کراچی اور لاہور میں بھی لیکچرز دوں گا۔ اس موقع پر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے بھی کہا کہ پاکستان آکر میری بڑی خواہش پوری ہوگئی، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا، میرا یہی مشن ہے کہ دنیا بھر میں اسلام کا پیغام عام کروں،اگر ہم اسلام کے راستے پر چلیں گے تو کامیاب ہوں گے۔