پاکستان

وزیراعظم شہباز شریف کا قومی اسمبلی میں الوداعی خطاب

گزشتہ دور حکومت میں چین جیسے دوست کیخلاف پراپیگنڈا کیا گیا جس سے پاکستان اور چین کے تعلقات میں ضعف آیا، گزشتہ فاشسٹ حکومت نے اپوزیشن کو دیوار سے لگادیا تھا

اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ن کے صدر و وزیراعظم میاں شہباز شریف کا قومی اسمبلی سے الوداعی خطاب، اگر آج ایک پارٹی کے لیڈر کو سزا ملی ہے تو ہمیں اس کی خوشی نہیں۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس سے الوداعی خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ابتدا میں چیلنجز تھے، مشکلات سامنے آئیں، پچھلی حکومت کی ناکامیوں کا بوجھ ہم پر آن پڑا، سیلاب نے صوبہ سندھ ، بلوچستان اور کے پی کے بعض حصوں کو نقصان پہنچایا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت کی طرف سے آئی ایم ایف سے کیے گئے معاہدے کو تار تار کردیا گیا، خارجہ محاذ پر اس حکومت نے ہمارے دوست ممالک اور برادر ممالک کے ساتھ تعلقات کو مجروح کیا، چین جیسے دوست کے خلاف پراپیگنڈا کیا گیا جس کی وجہ سے پاکستان اور چین کے تعلقات میں ضعف آیا، گزشتہ فاشسٹ حکومت نے اپوزیشن کو دیوار سے لگادیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ سائفر کے جھوٹ اور ڈرامے نے جلتی پر تیل کا کام کیا، دوست ممالک کے ساتھ جو رویہ روا رکھاگیا وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، قرض لے لے کر پوری دنیا کے آگے ہماری گردن کو جھکا دی گئی، پاکستان کے انتہائی اہم داخلی معاملات پر اس طرح اس حکومت نے اقدامات کییکہ جس سے ملک میں بدترین فضا پیدا ہوئی، ایک زہریلا پراپیگنڈا کیاگیا۔

انہوں نے کہا کہ سوائے ایک دو کو چھوڑ کر سب کو چور اور ڈاکو کہا گیا، ہم نے اقتدار سنبھالا تو سر منڈاتے ہی اولے پڑے، اس حکومت کے دور میں گندم کی پیداوار میں کمی ہوئی، اربوں ڈالر خرچ کرکے باہر سے گندم منگوانا پڑی، پہلے چینی کو ایکسپورٹ کیا گیا پھر امپورٹ کیا گیا، اربوں ڈالر پاکستان کے اس طرح دریا برد کیے گئے،اس زمانے میں روپے کی قدر ڈالر کے مقابلے میں نیچے جا رہی تھی، پوری اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی گئی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج 16 مہینوں میں حکومت نے کسی سیاسی مخالف کو ناجائز تنگ نہیں کیا، سیاسی مخالف کو ناجائز تنگ کرنا نہ ہمارا کبھی شیوہ تھا نہ ہے اور نہ ہوگا، ایک پارٹی کے لیڈر کو سزا ملی ہمیں اس پر خوشی نہیں ہے،کسی کی سزا پر مٹھائی بانٹنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button