وزیرِاعظم شہبازشریف کا ترکیہ کےساتھ تجارتی حجم سالانہ 5 ارب ڈالرپرپہنچانےکا اعلان
وزیراعظم نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے عوام کے مابین مثالی برادرانہ تعلقات ہیں جو صدیوں پر محیط ہیں، ترکیہ اور پاکستان ایک قوم دو ریاستیں ہیں
اسلام آباد(کھوج نیوز) اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ترکیہ کے ساتھ تجارتی حجم کو سالانہ 5 ارب ڈالر پر پہنچانے کے لیے پاکستان ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم سے ترک سرمایہ کاروں کے اعلیٰ سطح وفد کی ترک وزیرِ تجارت و کسٹمز ڈاکٹر عمر بولات کی سربراہی میں ملاقات ہوئی۔ وزیرِ اعظم نے ترک سرمایہ کاروں کے وفد کے دورہء پاکستان کا خیر مقدم کیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے عوام کے مابین مثالی برادرانہ تعلقات ہیں جو صدیوں پر محیط ہیں، ترکیہ اور پاکستان ایک قوم دو ریاستیں ہیں، حکومت پاکستان دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعلقات کے فروغ کی خواہاں ہے.
وزیرِ اعظم نے بتایا کہ ترک صدر عزت مآب رجب طیب ایردوان سے پاکستان اور ترکیہ کے مابین تجارتی حجم کو موجودہ سطح سے بڑھا کر سالانہ 5 ارب ڈالر پر پہنچانے پر اتفاق ہوا ہے۔ وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو ترکیہ کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے ہر قسم کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیرِ اعظم نے ترکیہ کے صدر کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کے پاکستان کے دورے کے منتظر ہیں، ترکیہ کے سرمایہ کار وفد کا دورہ، پاکستان میں ترکیہ کی سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے خوش آئند ثابت ہوگا۔