وفاقی حکومت کا سرکاری اخراجات میں کمی کا اعلان’ خالی آسامیاں ختم، نئی گاڑیوں کی خریداری پر بھی پابندی
ہر قسم کی نئی مشینری اور آلات کی خریداری پر بھی پابندی عائد ہوگی لیکن اسپتالوں، لیبارٹریز، زراعت، اسکولوں کے لئے مشینری اور آلات کی خریداری ہوسکے گی
اسلام آباد(کھوج نیوز) وفاقی حکومت نے سرکاری اخراجات میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے خالی آسامیاں ختم کرنے اور نئی گاڑیوں کی خریداری پر بھی پابندی لگانے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے سرکاری اخراجات میں کمی کیلئے اقدامات کا فیصلہ کرلیا اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد وزارت خزانہ نے بچت کرنے کیلئے سرکلر جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت کے ماتحت اداروں میں تین سال سے خالی اسامیاں ختم ہوجائیں گی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ایک سال سے زائد عارضی بھرتیوں کے سوا کوئی نئی بھرتی نہیں ہوگی اور سرکاری خرچ پر بیرون ملک علاج پر بھی مکمل پابندی عائد کردی گئی۔ اس کے علاوہ حکومتی اخراجات پر بیرونی دوروں اور تمام قسم کی نئی گاڑیوں کی خریداری پر بھی مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ہر قسم کی نئی مشینری اور آلات کی خریداری پر بھی پابندی عائد ہوگی لیکن اسپتالوں، لیبارٹریز، زراعت، اسکولوں کیلیے مشینری اور آلات کی خریداری ہوسکے گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ایمبولنس، طبی امداد سے متعلق اور تعلیمی اداروں کیلئے بسوں کی خریداری پر استثنی ہوگا۔