پاکستان

وفاقی دارالحکومت  اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل

اسلام آباد میں بلدیاتی حکومت کی 5 سالہ مدت فروری 2021 میں مکمل ہوگئی تھی اور قانون کے مطابق 3 ماہ میں انتخابات ہونے تھے

اسلام آباد(کھوج نیوز) الیکشن کمیشن نے وفاقی دارالحکومت  اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل کردیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی ایکٹ میں ترمیم کے بعد شیڈول نوٹیفکیشن تاحکم ثانی معطل کیا گیا ہے۔ خیال رہےکہ الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات  9 اکتوبر کو کرانے کا اعلان کیا تھا۔ واضح رہےکہ اسلام آباد میں بلدیاتی حکومت کی 5 سالہ مدت فروری 2021 میں مکمل ہوگئی تھی اور قانون کے مطابق 3 ماہ میں انتخابات ہونے تھے۔

27 اگست کو  اسلام آباد بلدیاتی انتخابات ترمیمی بل2024 قومی اسمبلی میں کثرت رائے سے منظور کیا گیا تھا۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں اسلام آباد بلدیاتی انتخابات ترمیمی ایکٹ 2024وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پیش کیا، انہوں نے کہا تھا کہ یہ بل گراس روٹ پر سروسز فراہم کرنے کے لیے لایا جا رہا ہے۔بل سے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات سے یونین کونسل کی سطح پر زیادہ نمائندگی دینے سے لوگوں کے کام کرنے میں آسانی ہوگی۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا تھا کہ اس بل کو جتنی جلدی منظورکرلیں اتنا ہی اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے بہتر ہے۔ بل کے تحت قومی اسمبلی نے اسلام آباد بلدیاتی ایکٹ 2024کی بھی منظوری دے دی جس کے بعد اسلام آباد بلدیاتی انتخابات ایکٹ میں یونین کونسل کی سطح پر منتخب نمائندوں کی تعداد بڑھ گئی۔

قومی اسمبلی سے منظور بل کے تحت ہر یونین کونسل 15 ممبران پر مشتمل ہوگی، یونین کونسل چیئرمین وائس چیئرمین،9جنرل ممبران کےعلاوہ خاتون ،نوجوان،اقلیت اور ٹیکنوکریٹ یا مزدور ممبران پر مشتمل ہوگی۔ بل کے تحت چیئرمین اور وائس چیئرمین کا انتخاب براہ راست نہیں ہوگا، ہر یونین میں 9جنرل ممبران کا براہ راست انتخاب کیا جائے گا جبکہ یونین کونسل سطح پر ووٹرز جنرل ممبران منتخب کریں گے ۔

بل کے تحت ہر یونین کونسل سطح پر 9 منتخب جنرل ممبران خفیہ رائے شماری کے ذریعے خاتون، اقلیت، نوجوان اور ٹیکنوکریٹ یا مزدور کی نشست کے اراکین کا چناؤ کریں گے، جبکہ یونین کونسل کے منتخب جنرل ممبران اور مخصوص نشستوں کےارکان چیئرمین اور وائس چیئرمین کا انتخاب کریں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button