پانچ سالہ معاشی پلان،وزیراعظم شہباز شریف کے اہم اہداف کو حتمی شکل دیدی گئی
جی ڈی پی گروتھ، برآمدات، ایف بی آر اہداف، نجکاری پلان، مالیاتی خسارہ کنٹرول، پرائمری بیلنس سرپلس، پی ایس ڈی پی، سرمایہ کاری، اوورسیز اور زراعت پلان اہداف میں شامل ہیں
اسلام آباد (کھوج نیوز)وزیراعظم کے پانچ سالہ معاشی پلان کے اہم اہداف کو حتمی شکل دے دی گئی جس کا اعلان جلد متوقع ہے۔ جی ڈی پی گروتھ، برآمدات، ایف بی آر اہداف، نجکاری پلان، مالیاتی خسارہ کنٹرول، پرائمری بیلنس سرپلس، پی ایس ڈی پی، سرمایہ کاری، اوورسیز اور زراعت پلان اہداف میں شامل ہیں جبکہ انرجی ریفارمز، اخراجات میں کٹوتی، فارمرزکریڈٹ لینڈنگ، ایف بی آرڈیجیٹائزیشن بھی پلان کا حصہ ہے۔
پانچ سالہ پلان کے تحت جی ڈی پی گروتھ 6 فیصد اورمہنگائی کو 7 سے 8 فیصد تک محدود کرنےکا پلان ہےجبکہ مالیاتی خسارہ رواں مالی سال جی ڈی پی کا 6 فیصد، آئندہ سال 4.7 فیصد تک محدود کرنےکا منصوبہ بنایا گیا ہے۔اسی طرح مالیاتی خسارہ سال 27-2026 میں 3.6 فیصد اورمالی سال 2028 میں مزید کم کرنے کا پلان ہے اور برآمدات کو پانچ برسوں میں دوگنی کر کے 60 ارب ڈالر سے زائد بڑھانے کا پلان تیار کیا گیا ہے۔ذرائع پی ایم آفس کے مطابق برآمدات میں ہر سال تقریبا 5 سے 6 ارب ڈالر اضافے کیلئے پلان تیار کیا گیا ہے۔وزیراعظم نے فارمرز کریڈٹ لینڈنگ بڑھانے کیلئے کمرشل بینکوں کیساتھ مل کر پلان مرتب کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں جبکہ شہباز شریف جلد ہی آئندہ پانچ سالہ معاشی پلان کا اعلان کریں گے۔