پاک،چین تعلقات خراب کرانےکی کوشش والوں کو ناکامی ہوگی،ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا افواہوں پرمنہ توڑ جواب
ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں چینی باشندوں کے حوالے سے میڈیا افواہوں کا جواب نہیں دے سکتے، پاکستان اور چین کے درمیان متعدد موضوعات بشمول انسداد دہشتگردی پر مضبوط رابطے موجود ہیں۔
اسلام آباد(کھوج نیوز) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں چینی باشندوں کے حوالے سے میڈیا افواہوں کا جواب نہیں دے سکتے، پاکستان اور چین کے درمیان متعدد موضوعات بشمول انسداد دہشتگردی پر مضبوط رابطے موجود ہیں۔ پاک چین باہمی اعتماد کو نقصان پہنچانے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ میں کہاکہ وزیر اعظم نے باکو میں کوپ29 کانفرنس میں شرکت کی، گلیشیئرز 2025 تقریب میں انہوں نے گلئشیرز کے پگھلنے اور اس حوالے سے تعاون کے فروغ کی بات کی۔ ’کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر انہوں نے آذربائیجان، ترکیے، ڈنمارک، چیک جمہوریہ، ڈنمارک سمیت متعدد ممالک کی قیادت سے ملاقاتیں کیں‘۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار نے وزیراعظم کے ہمراہ سعودی عرب کا دورہ کیا، اسحاق ڈار نے او آئی سی کے غیر معمولی اجلاس میں بھی شرکت کی۔ انہوں نے اسرائیل پر فوری ہتھیاروں ک رسد پر پابندی کا مطالبہ کیا۔ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ نائب وزیراعظم نے انروا کے خلاف اسرائیلی اقدامات کی مذمت کی، انہوں نے غزہ کا اسرائیلی محاصرہ فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
’ہم عرب اسلامک سمٹ کےمشترکہ اعلامیہ کا خیرمقدم کرتے ہیں‘۔ ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ پاکستان کشمیری سیاسی قیدیوں کی قید پرسنجیدہ تحفظات کا اظہارکرتا ہے، ان میں سے بہت سے سیاسی قیدیوں کو گنجائش سے زیادہ بڑی جیلوں میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماحولیاتی تبدیلیوں پر منعقدہ کانفرنسوں میں وعدوں کی عدم تکمیل پر مایوسی ہوئی ہے، ہم شریک ممالک کو اپنے وعدے پورے کرنے کا کہتے ہیں۔
سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے متعلق بات کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں ہمارا ہائی کمیشن سابق چیف جسٹس کے واقعہ اور پاکستانی ہائی کمشن کی گاڑی پر حملے پر برطانوی انتظامیہ سے رابطے میں ہے۔ ’خواجہ آصف کے واقعہ پر ترجمان دفتر خارجہ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان شہری دنیا میں کہیں بھی ہوں باعث احترام ہیں‘۔
ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ آئندہ برس ہونے والی چیمپیئنزٹرافی پرآئی سی سی آئی سے رابطے میں ہے، پاکستان دیگر ممالک میں ان کی انتظامیہ میں تقرریوں پر کسی قسم کا تبصرہ نہیں کرتا۔ ’پاکستان آنے والی امریکی انتظامیہ کے تحت اچھے پاک امریکا تعلقات کا خواہشمند ہے‘۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک سعودی معاہدے اور مفاہمتی یاداشتیں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعاون و سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم ہیں۔