پاکستانی تاریخ کا یہ آخری آئی ایم ایف پروگرام ہونا چاہیے،وزیراعظم نےوفاقی کابینہ کو ٹاسک دیدیا
وزیرِاعظم شہبازشریف نےکہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط پراقدامات کیےجا رہےہیں، ہمیں معیشت میں استحکام اوربہتری لانی ہے
اسلام آباد(کھوج نیوز) وزیرِ اعظم شہبازشریف نےکہا ہے کہ پاکستانی تاریخ کا یہ آخری آئی ایم ایف پروگرام ہونا چاہیے۔ وزیرِاعظم شہبازشریف کی زیرِصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پرگفتگو کرتےہوئےوزیرِاعظم شہباز شریف نےکہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط پراقدامات کیےجا رہےہیں، ہمیں معیشت میں استحکام اوربہتری لانی ہے۔
انہوں نےکہا کہ سفرطویل ہے،ہمیں تیزی سے آگےبڑھنا ہے، اللّٰہ پربھروسہ ہے ہم اپنی منزل پرپہنچیں گے، یہ مشکل سفر ہے، ناممکن نہیں۔ شہبازشریف کا کہنا ہےکہ مہنگائی کا بوجھ آہستہ آہستہ کم ہو رہا ہے،ہمیں اسمگلنگ کا خاتمہ کرنا ہے، ہمارا ملک معدنی وسائل سےمالا مال ہے، قوموں نےدن رات ایک کر کےحالات بدلےہیں۔ وزیرِاعظم نےکہا کہ روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہماری ترجیح ہے، اہداف کےحصول پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔
اجلاس میں 10 نکاتی ایجنڈے پرغورکیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں وزارتِ ہاؤسنگ کی سمری پر رولز آف بزنس میں ترمیم کی منظوری دی جائے گی جس کے تحت پی ڈبلیو ڈی کو بند (DEFUNT) ادارہ ڈیکلیئر کیا جائے گا۔ کابینہ کے اجلاس میں پاکستان میں مذہبی برداشت یا رواداری کی حکمتِ عملی 2024ء کی منظوری دی جائے گی اور بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی کی منظوری دی جائے گی، یہ دونوں وزارت مذہبی امور کی سمریاں ہیں۔ اس کے علاوہ اجلاس میں ای سی سی کے 30 اگست کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق بھی کی جائے گی۔