پاکستان

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی،100 انڈیکس نےنیا ریکارڈ بنادیا

عید کی چھٹیوں کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا رجحان ہے، آج بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 1463 پوائنٹس اضافے کے بعد نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

کراچی(کھوج نیوز)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی،100 انڈیکس نےنیا ریکارڈ بنادیا۔رپورٹ کے مطابق عید کی چھٹیوں کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا رجحان ہے، آج بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 1463 پوائنٹس اضافے کے بعد نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق دوپہر تقریباً 11 بج کر 41 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 1463 پوائنٹس اضافے کے بعد 78 ہزار 170 پر پہنچ گیا، جو آخری کاروباری روز 76 ہزار 706 پر بند ہوا تھا۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو محمد سہیل نے بتایا کہ مارکیٹ میں مثبت رجحان جاری ہے اس کی وجہ نئے بجٹ سے آئی ایم ایف کے ساتھ نئے بیل آؤٹ پیکیج ملنے کی امیدیں ہیں۔ ای ایف جی ہرمیس پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو رضا جعفری نے کہا کہ عید کی تعطیلات کے دوران اچھی خبریں دیکھنے کو ملی، جس میں فِچ کی جانب سے افراط زر کے نقطہ نظر اور صنعتوں کے لیے بجلی کے نرخوں میں مجوزہ کمی شامل ہے۔

واضح رہے کہ 12 جون کو بجٹ پیش کیے جانے کے بعد 14 جون کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 877 پوائنٹس اضافے کے بعد تاریخ میں پہلی بار 77 ہزار کی سطح عبور کر گیا تھا۔ 24 مئی کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 76 ہزار پوائنٹس کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچا تھا۔ 15 مئی کو انڈیکس 565 پوائنٹس اضافہ کے ساتھ 100 انڈیکس 75 ہزار 96 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

اس سے قبل پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 74 ہزار کی حد عبور کرگیا تھا۔ 10 مئی کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان دیکھا گیا تھا جب ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران ہی بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 427 پوائنٹس اضافے سے 73 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button