پاکستان پوسٹ کی ایتھلیٹ ارشد ندیم کی یادگاری ڈاک ٹکٹ کی رونمائی کردی گئی
پاکستان پوسٹ نے اپنی روایات زندہ رکھتے ہوئے پاکستان کا 77 واں یوم آزادی قومی جوش و جذبے سے منایا۔اس مناسبت سے لاہور جی پی او میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی
لاہور(کھوج نیوز)پاکستان پوسٹ کی ایتھلیٹ ارشد ندیم کی یادگاری ڈاک ٹکٹ کی رونمائی کردی گئی۔رپورٹ کے مطابق پاکستان پوسٹ نے اپنی روایات زندہ رکھتے ہوئے پاکستان کا 77 واں یوم آزادی قومی جوش و جذبے سے منایا۔اس مناسبت سے لاہور جی پی او میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی جس کی مہمان خصوصی پوسٹ ماسٹر جنرل پنجاب مسز ارم طارق تھیں جبکہ دیگر شرکاء میں پوسٹ ماسٹر جنرل سنٹرل پنجاب معظم منصور،ڈپٹی پوسٹ ماسٹر جنرل(ایڈمن) ضیاء الحق رانجھا،ڈپٹی پوسٹ ماسٹر جنرل پنجاب رضوان قدیر،چیف پوسٹ لاہور جی پی او مس ہما کنول سمیت سٹاف کی کثیر تعداد شامل تھی۔
اس موقع پر مسز ارم طارق نے اپنے خطاب میں کہا کہ اپنے قومی اثاثوں کی حفاظت اور دانشمندی سے استعمال ہماری اولین ترجیح ہے۔پاکستان ہماری پہچان ہے اور یوم آزادی وطن سے محبت کے اعادے کا دن ہے۔انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جس قوم میں اخلاقی اقدار اور کردار نہ ہو وہ کبھی آزادی کی قدر نہیں کرسکتی۔ہم سب کو پاکستان کی حفاظت کرنی چاہیے اور اپنے فرائض محنت،لگن،ایمانداری اور نیک نیتی سے ادا کرنے چاہئیں ۔
اس موقع پر پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم کی یادگاری ڈاک ٹکٹ کی رونمائی بھی کی گئی۔