پاک آرمی چیف کی ایرانی فوج کے سربراہ سے ملاقات
ملاقات کا مقصد پاکستان اور ایران کے درمیان فوجی، تعلیمی، دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کے فروغ کے لیے دو طرفہ رابطوں کو مزید آگے بڑھانا تھا
راولپنڈی(ویب ڈیسک) پاکستانی فوج کے سربراہ سید عاصم منیر نے اعلیٰ سطح کے فوجی وفد کے ہمراہ ہفتہ کی صبح تہران میں ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد باقری سے ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد پاکستان اور ایران کے درمیان فوجی، تعلیمی، دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کے فروغ کے لیے دو طرفہ رابطوں کو مزید آگے بڑھانا تھا ۔
ملاقات میں ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد باقری نے دونوں ہمسایہ ممالک کے تاریخی پس منظر حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مختلف شعبوں خصوصاً فوجی تعاون میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ واضح رہےافواج پاکستان کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر جمعہ کو 2 روزہ سرکاری دورے پر تہران پہنچے تھے جہاں وہ اپنی موجودگی کے دوران ایران کی مسلح افواج کے اعلیٰ عہدیداروں اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔