پاکستان

پنجاب اسمبلی اور سندھ اسمبلی میں مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری

پنجاب اسمبلی کی 36 نشستوں پر ن لیگی خواتین امیدوار کامیاب ، 3نشستوں پر پیپلزپارٹی،2 پر ق لیگ اور ایک نشست پر استحکام پاکستان پارٹی کی امیدوار کامیاب ہوئی ہیں

لاہور(کھوج نیوز) الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی اور سندھ اسمبلی میں مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ‘ ن لیگ کے 5امیدوار اقلیتی نشست پر رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے لیے اقلیتوں کی نشست کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق مسلم لیگ ن کے5 امیدوار اقلیتی نشست پر رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوگئے ہیں۔ پنجاب اسمبلی سے خواتین کی نشستوں پر کامیاب خواتین کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی کی 36 نشستوں پر مسلم لیگ ن کی خواتین امیدوار کامیاب ہوئی ہیں، 3 نشستوں پر پیپلزپارٹی، 2 پر مسلم لیگ ق اور ایک نشست پر استحکام پاکستان پارٹی کی امیدوار کامیاب ہوئی ہیں۔ خیال رہے کہ پنجاب اسمبلی میں خواتین کی 66 اور اقلیتوں کے لیے 8 نشستیں مخصوص ہیں۔ پنجاب اسمبلی کی اقلیتوں کی 8 میں سے 5 اور خواتین کی 66 نشستوں میں سے 42 کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے سندھ اسمبلی میں بھی مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ سندھ اسمبلی میں اقلیتوں کی نشست پرپیپلزپارٹی کے 6 اور ایم کیو ایم کے 2 ارکان منتخب ہوئے ہیں۔ خواتین کی 20 نشستوں پر پیپلز پارٹی کی اراکین منتخب ہوئی ہیں، خواتین کی مخصوص نشستوں پر ایم کیو ایم پاکستان کی 6 اور جی ڈی اے کی ایک رکن منتخب ہوئی ہیں۔واضح رہے کہ سندھ اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں کی تعداد29 اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کی تعداد 9 ہے۔ سندھ اسمبلی میں اقلیتوں کی 9 میں سے 8 نشستوں کے نوٹیفکیشن جاری ہوئے ہیں جب کہ خواتین کی مخصوص 29 میں سے27 نشستوں کے نوٹیفکیشن جاری ہوئے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کراچی نے سیکرٹری سندھ اسمبلی کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ ہمیں مخصوص نشستیں دیے جانے تک سندھ اسمبلی کا اجلاس نہ بلایا جائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button