پنجاب میں بدمعاشی اورغندہ گردی کی اجازت نہیں،وزیراطلاعات کی علی امین گنڈاپور کو وارننگ
وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ آپ کو پنجاب میں قانون کو ہاتھ میں لینےکی اجازت نہیں دیں گے، پی ٹی آئی نے راولپنڈی میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی
لاہور (کھوج نیوز)صوبائی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نےکہا ہےکہ علی امین گنڈا پور ہوش کے ناخن لیں، پنجاب میں بدمعاشی اور غندہ گردی کی اجازت نہیں۔ لاہورمیں پریس کانفرنس کرتےہوئے وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ آپ کو پنجاب میں قانون کو ہاتھ میں لینےکی اجازت نہیں دیں گے، پی ٹی آئی نے راولپنڈی میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی، قانون کو ہاتھ میں لینے والوں سےسختی سے نمٹا جائےگا، انہوں نے کاہنہ میں بھی قانون کی خلاف ورزی کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ پنجاب کی ترقی سے جلتے ہیں، خیبرپختونخوا کے لوگوں کو ان سے پوچھنا چاہیے کہ یہاں ترقی کیوں نہیں ہوتی، فتنہ پارٹی پاکستان کے عوام کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتی، آپ نے احتجاج کرنا ہی ہے تو خیبرپختونخوا میں کیوں نہیں کرتے؟ خیبرپختونخوا میں امن و امان پر اجلاس کیوں نہیں ہوتا؟